جموں//صوبہ جموں سے مِلک کوآپریٹیو سوسائٹیوں اور ڈیری کسانوں کے متعدد وفود نے آج وزیر برائے زرعی پیداوار، دیہی ترقی و پنچایتی راج، اِمدادِ باہمی اور الیکشن محکمہ جات جاوید احمد ڈار سے ملاقات کی اور انہیں شعبے کو مضبوط بنانے سے متعلق اپنے مطالبات گوش گزار کئے۔وفد نے دودھ کی خریداری کی قیمتوں کے ضابطے میں مداخلت، اہم شہری مقامات پر ریٹیل آؤٹ لیٹس کے قیام میں توسیع اور نوجوانوں کو ڈیری یونٹس قائم کرنے کے لئے خصوصی تربیتی سپورٹ فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اُنہوں نے کوآپریٹیویورَجسٹریشن میں اِضافے، قرضوں تک رَسائی اور مضبوط مارکیٹنگ و لاجسٹکس کی ضرورت کا بھی مطالبہ کیا۔وزیر موصوف نے مطالبات کا جواب دیتے ہوئے اینمل ہسبنڈری و کوآپریٹیومحکموں کے درمیان قریبی تال میل پر زور دیا تاکہ کسانوں کو بروقت اور مؤثر مدد فراہم کی جا سکے۔ اُنہوں نے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ رُکاوٹوں کو ترجیحی بنیادوں پر دور کریں اور ڈیری کوآپریٹیو کے کیت زمینی سطح پر سہولیت کو بہتر بنائیں۔اُنہوں نے کہا کہ کوآپریٹیو کو مضبوط بنانا ،کسانوں کی آمدنی میں اضافے اور ڈیری شعبے کو مزید قابل عمل بنانے کے لئے نہایت اہم ہے۔ اُنہوں نے اِدارہ جاتی تعاون اور سکیموں کوہم آہنگ کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ کسانوں کو عملی طور پر فوائد پہنچ سکیں۔وزیرجاوید ڈار نے وفود کو یقین دِلایا کہ حکومت جموں و کشمیر میں دودھ کی پروسسنگ صلاحیت کو موجودہ تقریباً 4 فیصد سے بڑھا کر 20 فیصد تک لے جانے کے لئے ایک بڑے ڈیری اِنفراسٹرکچر ترقیاتی اقدام پر کام کر رہی ہے۔ اِس اقدام سے ویلیو ایڈیشن میں اضافہ ہوگا اور ڈیری کسانوں و کوآپریٹیوکو بہتر منافع حاصل ہوگا۔اُنہوں نے وفد کو یقین دہانی کی کہ ان کے مسائل کو مربوط اقدامات کے ذریعے حل کیا جائے گا جس میں خطے میں ڈیری ویلیو چین کو مضبوط بنانے پر خاص توجہ دی جائے گی۔










