جموں//علاقائی زبانوں کے تحفظ اور فروغ کے تئیں حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے وزیر برائے خوراک ، سول سپلائیز و امور صارفین ، ٹرانسپورٹ ، سائنس و ٹیکنالوجی ، انفارمیشن ٹیکنالوجی ، یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس اور اے آر آٗی و ٹریننگ مسٹر ستیش شرما نے آج کے ایل سہگل ہال جے اینڈ کے اکیڈیمی آف آرٹ ، کلچر اینڈ لینگویجز ( جے کے اے سی ایل ) جموں میں ڈوگری بھاشا اکیڈمی جموں کے زیر اہتمام ایک تقریب میں چار ڈوگری کتابوں کا اجراء کیا ۔ وزیر کی طرف سے جاری کردہ کتابوں میں ڈاکٹر رتن بسوترا کی طرف سے ترجمہ کردہ ’’ مانش ‘‘ ،مسٹر چندو بھاؤ کی ’’ آٹے دیاں چڑیاں ،ڈاکٹر سنیتا بھدوال کی ’’ سنہرا کال ‘‘ اور پنڈتر موہن لال کی’’ کھِڈے موتی ‘‘ شامل ہیں ۔ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر ستیش شرما نے ثقافتی شناخت اور ورثے کے تحفظ میں زبان کے اہم کردار پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ ڈوگری جیسی مادری زبانوں کا فروغ جموں و کشمیر کی شاندار ثقافتی وراثت کو برقرار رکھنے اور نوجوان نسلوں میں فخر اور تعلق کے جذبات کو فروغ دینے کیلئے ضروری ہے ۔ قبل ازیں تقریب کی صدارت ممتاز ادیب ڈاکٹر نرمل ونود نے کی ۔ سیکرٹری جے کے اے اے سی ایل ، ہرویندر کور نے بھی شرکت کی اس کے علاوہ ڈاکٹر ارویندر سنگھ امان اور ڈوگری بھاشا اکیڈمی کے بانی یشپال نرمل کے علاوہ مصنفین بھی موجود تھے ۔










