مختلف محکموں میں قواعد کی تازہ کاری کی صورتحال کا جائزہ
جموں//چیف سیکرٹری اَتل ڈولو نے ایک اعلیٰ سطح میٹنگ کی صدارت کی جس میں یو ٹی کے مختلف محکموں میں ریکروٹمنٹ رولز کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور ان کی تازہ کاری کو تیز کرنے پر زور دیا گیا ۔ اس عمل میں شفافیت ، کارکردگی اور ملازمین کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے پر خاص توجہ دی گئی ۔ میٹنگ میں کمشنر سیکرٹری اے آر آئی اینڈ ٹریننگز سمیت دیگر محکموں کے اِنتظامی سیکرٹریوں نے شرکت کی ۔ چیف سیکرٹری نے ریکروٹمنٹ رولز کو بروقت حتمی شکل دینے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے تمام اِنتظامی سیکرٹریوں کو ہدایت دی کہ وہ اے آر آئی اینڈ ٹریننگز محکمہ کے ساتھ قریبی رابطے میں رہ کر اس عمل کو ایک مقررہ وقت کے اندر مکمل کریں ۔ اُنہوں نے کہا کہ تازہ اور اچھی طرح سے منظم ریکروٹمنٹ رولز ایک شفاف ، میرٹ پر مبنی اور موثر ریکروٹمنٹ فریم ورک کو یقینی بنانے کیلئے ناگزیر ہیں ، اس کے علاوہ محکموں میں خالی اَسامیوں کو فوری طور پر بھرنے میں بھی مدد دیتے ہیں ۔ چیف سیکرٹری نے ملازمین کی فلاح و بہبود اور اِنتظامی کارکردگی کے عزم کی دوبارہ تصدیق کرتے ہوئے واضح ہدایات دیں کہ پوری مشق کو مشن موڈ میں جاری رکھا جائے ، تاخیریں ختم کی جائیں اور بھرتی کے عمل میں تمام محکموں میں یکسانیت کو یقینی بنایا جائے ۔ میٹنگ کے دوران کمشنر سیکرٹری اے آر آئی اینڈ ٹریننگز نے بتایا کہ یہ اقدام ڈیجیٹل گورننس کی طرف ایک اہم تبدیلی کی نشاندہی کرتا ہے ۔ انہوں نے آگاہ کیا کہ بھرتی قوانین کی تازہ کاری کیلئے ایک مخصوص آن لائن پورٹل بی آئی ایس اے جی ۔ این کے تعاون سے تیار کیا گیا ہے جو ایک ہموار اور مؤثر طریقے سے کام کرے گا۔ اُنہوں نے مزید بتایا کہ یکم؍ اپریل 2026 سے بھرتی کے قوانین کیلئے تمام آف لائن تجاویز کی جمع آوری ختم کر دی جائے گی اور محکموں کو لازمی طور پر اَپنی تجاویز آن لائن پورٹل کے ذریعے جمع کرنی ہوں گی ۔ چیف سیکرٹری نے صحت ، تعلیم ، ریونیو اور زراعت سمیت بڑے محکموں کو ہدایات جاری کیں کہ وہ زیر اِلتوأ میپنگ کے مسائل کو ترجیحی بنیاد پر حل کریں اور اپنے ریکروٹمنٹ رولز کو کسی بھی مزید تاخیر کے بغیر حتمی شکل دیں ۔










