dooran

پی ڈی پی کی جموں و کشمیر علاقائی انتظامی تنظیم نو بل سے متعلق بل پیش

چناب اور پیر پنجال ڈویژن کے قیام سمیت متعدد نئے اضلاع بنانے کی سفارش

سرینگر// یو این ایس// پی ڈی پی کے رکن اسمبلی وحید پرہ نے جموں و کشمیر اسمبلی میں ایک پرائیویٹ ممبر بل پیش کیا ہے جس میں یونین ٹیریٹری میں انتظامی ڈھانچے کی از سر نو تشکیل کے لیے قانونی فریم ورک قائم کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔’جموں و کشمیر علاقائی انتظامی تنظیم نو بل 2026‘ کے عنوان سے پیش کیے گئے اس مسودہ قانون میں نئی انتظامی ڈویڑنز، اضلاع، سب ڈویڑنز اور تحصیلوں کے قیام کی سفارش کی گئی ہے۔یو این ایس کے مطابق بل میں موجودہ ڈویژنوںکے علاوہ چناب ڈویڑن (ہیڈکوارٹر ڈوڈہ) اور پیر پنجال ڈویڑن (ہیڈکوارٹر راجوری) کے قیام کی تجویز بھی شامل ہے۔کشمیر ڈویژن میں جن نئے اضلاع کی تجویز دی گئی ہے ان میں ترال،اونتی پورہ ہ ِپہاڑی ضلع،عشمقام پہلگامپہاڑی ضلع، بیروہ، سوپور، ہندواڑہ، گریز،،ٹنگڈار،کرناہ پہاڑی ضلع اور نورآباد پہاڑی ضلع شامل ہیں۔اسی طرح جموں ڈویژن میں نوشہرہ، بھدرواہ، بنی ہال، ٹھاتری، اکھنور، بلاور، کوٹرنکہ اور مینڈھر جیسے نئے ہِل اضلاع بنانے کی تجویز پیش کی گئی ہے تاکہ بہتر انتظامی منصوبہ بندی ممکن ہو سکے۔بل کے مطابق حکومت کو اختیار ہوگا کہ وہ جغرافیائی تسلسل، انتظامی سہولت، سماجی و ثقافتی ہم آہنگی اور متوازن علاقائی ترقی کو مدنظر رکھتے ہوئے نوٹیفکیشن کے ذریعے اضلاع کو جموں، کشمیر، چناب یا پیر پنجال ڈویڑنز میں شامل کرے۔اس مجوزہ قانون کا مقصد وسیع جغرافیائی علاقوں، دشوار گزار خطوں اور علاقائی عدم توازن سے پیدا ہونے والے انتظامی مسائل کو حل کرنا اور عوامی خدمات کی بہتر فراہمی کے لیے غیر مرکزی طرز حکمرانی کو فروغ دینا ہے۔یہ بل موجودہ بجٹ اجلاس کے دوران غور کے لیے اسمبلی سیکریٹریٹ میں پیش کیا گیا ہے۔ اجلاس کا اگلا مرحلہ 27 مارچ سے شروع ہوگا، جو پہلے مرحلے (2 فروری تا 20 فروری) کے بعد پانچ ہفتوں کے وقفے کے بعد دوبارہ منعقد ہو رہا ہے۔ابتدائی مرحلے کے دوران عمر عبداللہ نے 6 فروری کو بجٹ پیش کیا تھا جبکہ ایوان نے مختلف محکموں کے لیے گرانٹس کی منظوری تفصیلی بحث کے بعد دی تھی۔شیڈول کے مطابق اجلاس 4 اپریل کو اختتام پذیر ہوگا، جبکہ 30 مارچ اور یکم اپریل کو پرائیویٹ ممبرز بلز اور 31 مارچ اور 2 اپریل کو پرائیویٹ ممبرز قراردادوں کے لیے مخصوص کیا گیا ہے۔