کٹھمنڈو/یو این آئی// فلم ‘میری کوم’ اور ویب سیریز ‘دی فیملی مین’ میں اپنی جاندار اداکاری سے شناخت بنانے والے معروف اداکار سنیل تھاپا ہفتہ کے روز 68 برس کی عمر میں انتقال کر گئے ۔ سنیل تھاپا کو بے ہوشی کی حالت میں کاٹھمانڈو کے ناروک اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں ڈاکٹروں نے طبی معائنے کے بعد ان کی موت کی تصدیق کر دی۔ ابتدائی طور پر ان کی موت کی وجہ حرکتِ قلب بند ہونا بتائی جا رہی ہے ۔سکم کے وزیر اعلیٰ پریم سنگھ تمانگ نے اداکار کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے نیپالی سینما کے لیے ان کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے اپنی فیس بک پوسٹ میں لکھا: “عظیم اداکار سنیل تھاپا کے انتقال کی خبر سن کر انتہائی دکھ ہوا۔ نیپالی فلمی دنیا میں ان کی فنکارانہ صلاحیتوں، بالخصوص ‘راتے کیلا’ کے روپ میں ان کی کارکردگی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ان کا فنی ورثہ آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ رہے گا۔”نیپالی سینما کا ایک معتبر نام رہنے والے سنیل تھاپا نے کئی دہائیوں تک نیپالی، بالی وڈ اور بھوجپوری فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے ۔ انہیں نیپالی ایکشن ڈرامہ ‘چینو’ میں ان کے شاندار کردار ‘راتے کیلا’ کے لیے بے حد پسند کیا گیا۔










