اِنڈمان و نکو بار جزائر میں ہندوستانی سرزمین پر نیتا جی سبھاش چندر بوس کی تاریخی ترنگا لہرانے کی 82 ویں سالانہ یادگاری تقریب

اِنڈمان و نکو بار جزائر میں ہندوستانی سرزمین پر نیتا جی سبھاش چندر بوس کی تاریخی ترنگا لہرانے کی 82 ویں سالانہ یادگاری تقریب

لیفٹیننٹ گورنر نے جموں کے رام وہار میں جے ڈی اے پارک میں ترنگا لہرایا اور نیتاجی سبھاش چندر بوس فلیگ پوائنٹ کا اِفتتاح کیا

جموں// لیفٹیننٹ گورنر منو ج سِنہا نے منگل کے روزجے ڈی اے پارک رام وہار جموں میں ترنگا لہرایا اور نیتاجی سبھاش چندر بوس فلیگ پوائنٹ کا اِفتتاح کیا۔ یہ تقریب 1943 میں اِنڈمان و نکوبار جزائر میں نیتاجی سبھاش چندر بوس کی جانب سے ہندوستانی سرزمین پر ترنگا لہرانے کی 82ویں سالانہ کے موقعہ پر منعقد کی گئی۔نیتاجی نے 30 ؍دسمبر 1943 ء کو پورٹ بلیئر کو برطانوی حکمرانی سے آزاد قرار دیا اور تمام ہم وطنوں کو آزادی کے عزم سے سرشار کیا۔ آج کا یہ اَقدام جدوجہد آزادی میں نیتاجی کی شاندار خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لئے کیا گیا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے نیتاجی سبھاش چندر بوس کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ نیتاجی کی جانب سے دیا گیا نعرہ ’جے ہند‘قومی بہاری کی علامت ہے جس نے کبھی آزاد ہند فوج کو متحد کیا تھا اور آج بھی 140 کروڑ ہندوستانیوں کو ترغیب دیتا ہے۔اُنہوںنے کہا،’’نیتاجی سبھاش چندر بوس کی حب الوطنی بے مثال تھی۔ ان کی غیر معمولی جرأت نے ہندوستان کو ایک اہم منتر دیا کہ مستقبل کی تعمیر صرف اتحاد کی بنیاد پر ہی ممکن ہے۔ اُن کا ماننا تھا کہ تقسیم سے بکھرا ہوا معاشرہ کبھی بھی دیرپا مستقبل کی تعمیر نہیں کر سکتا۔ نیتا جی کی سوراج کی وکالت، نوجوانوں کو بااِختیار بنانے کی کوششیں،اُن کی اِقتصادی پالیسی اور صنعتی ترقی اور چھوٹے پیمانے کی صنعتوں کے فروغ پر زور آج خود کفیل ہندوستان کی بنیاد تعمیر کرنے میں اہم کردار اَدا کر رہا ہے۔‘‘
لیفٹیننٹ گورنر نے وزیر اعظم نریندر مودی کا شکریہ اَدا کیا کہ اُنہوں نے اِس بات کو یقینی بنایا کہ نیتاجی کے ورثے کو تاریخ میں اس کا صحیح مقام ملے۔اُنہوں نے کہا کہ جموں ہندوستان کی قومی یکجہتی اور ایک غیر منقسم ثقافتی دھارے کی علامت ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ جموں کے لوگوں کے ناقابلِ تسخیر جذ بے نے کئی نسلوں تک جموں و کشمیر کے مکمل انضمام کی شمع روشن رکھی ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،’’ہماری یکجہتی ہی ہماری طاقت ہے اور کامیابی کے لئے بہت ضروری ہے۔ ہمیں متحد رہنا چاہیے اور اپنے مشترکہ ورثے اور مشترکہ اَقدار کو محفوظ رکھنا چاہیے۔‘‘لیفٹیننٹ گورنر نے جموں میونسپل کارپوریشن، جموں ڈیولپمنٹ اَتھارٹی، محکمہ مکانات و شہری ترقی اور ضلعی اِنتظامیہ کی مشترکہ کوششوں کو سراہاجنہوں نے نیتاجی کے ورثے کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اُنہوں نے ہربرس 30 ؍دسمبر کو باقاعدگی سے یادگاری تقریبات منعقد کرنے پر بھی زور دیا۔اِس موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر نے نیتاجی سبھاش چندر بوس کی زِندگی پر مبنی فوٹو گیلری کا بھی دورہ کیا۔ نیتاجی کی قیادت اور ہندوستان کی آزادی میں اُن کے کلیدی کردار کو اُجاگر کرنے والی ایک دستاویزی فلم بھی دِکھائی گئی۔تقریب میں اراکین قانون سازاسمبلی شیام لال شرما اور شری اروند گپتا، کمشنر سیکرٹری مکانات و شہری ترقی محکمہ مندیپ کور، صوبائی کمشنر جموں رمیش کمار، آئی جی پی جموں زون بھیم سین توتی، ڈِی آئی جی جموں۔سانبہ۔کٹھوعہ رینج شیو کمار شرما، میونسپل کمشنر جموں ڈاکٹر دیونش یادو، ضلع ترقیاتی کمشنرجموںڈاکٹر راکیش منہاس،وائس چیئرمین جے ڈی اے روپیش کمار اور سول و پولیس انتظامیہ کے سینئر اَفسران موجود تھے۔پرچم لہرانے کی تقریب میں پدم شری پروفیسر وشوامورتی شاستری، پدم شری ڈاکٹر ایس پی ورما، ممتازشہری اور مختلف شعبہ ہائے زِندگی سے تعلق رکھنے والے اَفراد نے بھی شرکت کی۔