جنوبی کشمیر میں منشیات مخالف کارروائی

جنوبی کشمیر میں منشیات مخالف کارروائی

7 افراد گرفتار، 7.86 کلوگرام سے زائد مشتبہ منشیات ضبط

سرینگر//یو این ایس / جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں پولیس نے منشیات کی اسمگلنگ اور غیر قانونی کاروبار کے خلاف مختلف کارروائیوں کے دوران 7 افراد کو گرفتار کیا ہے، جبکہ اس سلسلے میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت 8 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ کارروائی کے دوران ایک گاڑی بھی ضبط کی گئی اور 7.86 کلوگرام سے زائد مشتبہ منشیات برآمد کی گئی۔پولیس کے مطابق، اننت ناگ پولیس اسٹیشن کی ایک ٹیم نے نووتھو دانٹر علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے چڑھامہ میر بازار کے رہنے والے سریر احمد بٹ کو گرفتار کیا۔ اس کے قبضے سے تقریباً 230 گرام چرس جیسا مادہ برآمد کیا گیا۔ایک اور کارروائی کے دوران پولیس نے ہنڈائی آئی 10 گاڑی زیر نمبر JK05B-3181 کو روک کر تلاشی لی۔ گاڑی محمد الطاف بٹ ساکن میر ڈانتر چلا رہا تھا۔ تلاشی کے دوران تقریباً 153 گرام چرس جیسا مادہ برآمد ہوا، جس کے بعد گاڑی ضبط کرکے متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔پولیس نے وزیر باغ علاقے میں گجرات کے رہنے والے، جو اننت ناگ کے اچہ بل اڈہ میں مقیم ہے، بٹو دنتانی کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے تقریباً 17 گرام چرس برآمد کی۔ اسی طرح اننت ناگ پولیس اسٹیشن کے پیچھے گجرات کے ہی رہنے والے اجے کمار کو گرفتار کیا گیا، جس کے قبضے سے تقریباً 22 گرام چرس برآمد ہوئی۔ادھر، پولیس پوسٹ سنگم کی ٹیم نے منشیات سے متعلق سرگرمیوں کی اطلاع ملنے پر بالیار مرہامہ میں بلال احمد بٹ کے رہائشی مکان پر چھاپہ مارا۔ تلاشی کے دوران تقریباً 7.170 کلوگرام گانجا جیسا مادہ برآمد کیا گیا۔ تاہم، ملزم چھاپے کے وقت گھر پر موجود نہیں تھا۔اس معاملے میں ایف آئی آر نمبر 323/2026، این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعات 8/20 کے تحت درج کی گئی ہے، جبکہ ملزم کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ایک اور کارروائی میں پولیس پوسٹ شیر باغ کی ناکہ پارٹی نے ہائی گراو ¿نڈ علاقے میں جنگلات منڈی کے رہنے والے دانش منظور شیخ کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے تقریباً 205 گرام چرس جیسا مادہ برآمد کیا۔مٹن علاقے میں پولیس نے گوپال پورہ کے رہنے والے جاوید مختیار پشو کو گرفتار کیا اور اس کے قبضے سے تقریباً 52.6 گرام چرس برآمد کی۔ اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن مٹن میں ایف آئی آر نمبر 123/2026، این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعات 8/20 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔اسی طرح پولیس پوسٹ ڈی کے پورہ نے برنٹی کے رہنے والے بشیر احمد بٹ کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے تقریباً 15 گرام چرس برآمد کی۔ پولیس نے بتایا کہ اس معاملے میں مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔اننت ناگ پولیس نے کہا ہے کہ منشیات کی اسمگلنگ اور غیر قانونی کاروبار کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔ پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ منشیات کے غیر قانونی کاروبار میں ملوث افراد کے بارے میں مستند معلومات فراہم کرکے اس سماجی برائی کے خاتمے میں تعاون کریں۔