حلف برداری تقریب سے قبل تمام وزراءنے استعفے پیش کر دئے
سرینگر//یو این ایس / جموں و کشمیر میں کابینہ میں ردوبدل سے قبل نیشنل کانفرنس کی قیادت والی حکومت کے تمام وزراءنے وزیرِ اعلیٰ عمر عبداللہ کو اپنے استعفے پیش کر دیے ہیں۔ ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ پانچوں وزراءنے اپنے استعفے وزیرِ اعلیٰ کے حوالے کیے ہیں۔ذرائع کے مطابق، وزراءکی جانب سے استعفے پیش کرنے کے بعد اب یہ فیصلہ وزیرِ اعلیٰ عمر عبداللہ کو کرنا ہے کہ وہ کن وزراءکو برقرار رکھیں گے اور کن کے استعفے منظوری کے لیے لوک بھون بھیجے جائیں گے۔ذرائع نے واضح کیا کہ استعفے پیش کرنے کا یہ مطلب نہیں ہے کہ تمام وزراءکو کابینہ سے ہٹا دیا جائے گا۔ وزیرِ اعلیٰ ہی اس بات کا حتمی فیصلہ کریں گے کہ کن وزراءکو برقرار رکھا جائے اور کن کو کابینہ سے باہر کیا جائے۔اطلاعات کے مطابق، منگل کی صبح سری نگر کے لوک بھون میں تین سے چار اراکینِ اسمبلی کو وزراءکے طور پر حلف دلائے جانے کا امکان ہے۔ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ کابینہ میں ردوبدل کے دوران زیادہ سے زیادہ ایک موجودہ وزیر کو ہٹائے جانے کا امکان ہے، تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ وزیرِ اعلیٰ کی جانب سے کیا جائے گا۔کابینہ میں اس تبدیلی کو جموں و کشمیر کی نیشنل کانفرنس حکومت میں اہم تنظیمی پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔










