متعدد عوامی وفود نے جاوید رانا سے ملاقات کی

متعدد عوامی وفود نے جاوید رانا سے ملاقات کی

جموں//وزیر برائے جل شکتی ، جنگلات و ماحولیات اور قبائلی امور مسٹر جاوید احمد رانا سے متعدد عوامی وفود اور افراد نے ملاقات کی اور انہیں فوری مداخلت کی ضرورت والے متعدد مسائل سے آگاہ کیا ۔ وفود میں پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ( پی ایچ ای ) ڈیپارٹمنٹ سے وابستہ زمین عطیہ کرنے والوں کے نمائندے ، ڈیلی ویجرز اور بلاک نگروٹہ کے رہائشی شامل تھے جن کی قیادت ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل ( ڈی ڈی سی ) نگروٹہ شمیم بیگم کر رہی تھیں ۔ وفود نے سروس معاملات ، زمین کے معاوضے اور شہری سہولیات سے متعلق طویل عرصے سے زیر التوا مسائل اجاگر کئے اور ان کے جلد حل کی اپیل کی ۔ ایک الگ وفد جو ریٹائیرڈ کرنل راشد احمد کی قیادت میں تھا ، نے کچھ مسائل اٹھائے اور قائم شدہ اصولوں کے مطابق بروقت انتظامی کارروائی کی ضرورت پر زور دیا ۔ دریں اثنا پی ای ٹی سوسائٹی جموں و کشمیر کے چئیر مین نے وزیر کو جڈید بگھٹ سوپور میں واقع دار السلام چلڈرن ہوم کو بلا تعطل اور مستقل پانی کی فراہمی یقینی بنانے کے اہم مسئلے سے آگاہ کیا ۔ اس کے علاوہ جل جیون مشن ( جے جے ایم ) کے تحت مصروف ٹھیکیداروں نے وزیر سے ملاقات کی اور مشن کے تحت پہلے سے مکمل کئے گئے کاموں کے خلاف اپنے زیر التواء دعووں کی ریلیز کی درخواست کی ۔ کئی انفرادی درخواست گذاروں نے بھی اپنی شکایات اور درخواستیں پیش کیں اور جلد از جلد تدارک کیلئے ذاتی مداخلت کی خواہش کی ۔ وزیر نے ہر وفد کو غور سے سُنا اور اٹھائے گئے مسائل کا سنگین نوٹس لیا ۔ انہوں نے متعلقہ محکمہ جاتی افسران کو فوری ہدایات جاری کیں کہ تمام جائیز کیسز کا فوری جائیزہ لیا جائے اور شفاف طریقے سے قواعد کے مطابق اور مقررہ وقت کے اندر ان کا جلد حل یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے افسران کو مزید ہدایات دیں کہ وہ متعلقہ فریقین کے ساتھ قریبی رابطہ برقرار رکھیں اور کوئی بھی مستند عوامی مسئلہ نظر انداز نہ کیا جائے ۔