جموں//وزیر برائے تعلیم ، سماجی بہبود ، صحت اور طبی تعلیم محترمہ سکینہ ایتو نے سول سیکرٹریٹ میں نجی اسکول ایسوسی ایشن اور والدین ایسوسی ایشن کے نمائندوں کے ساتھ وسیع پیمانے پر بات چیت کی تا کہ تعلیمی اداروں کے کام کاج اور طلبہ کی فلاح و بہبود سے متعلق اہم مسائل پر غور کیا جائے ۔ ہائیر ایجوکیشن کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور جے کے بورڈ آف سکول ایجوکیشن کے چئیر مین شانت منو ، سکول ایجوکیشن کے سیکرٹری رام نواس شرما ، سماگرہ شکشا کے پروجیکٹ ڈائریکٹر بھوانی رکوال ، ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن کشمیر ، ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن جموں ، جے کے بورڈ کے سیکرٹری ، فیس فکسیشن ریگولیشن کمیشن کے عہدیدار اور سکول ایجوکیشن اور ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے دیگر سینئر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ میٹنگ کے دوران تعلیم کی وزیر نے سکول فیس ، تعلیمی کلینڈر ، طلبہ کی حفاظت ، سکول کتابوں کی دستیابی ، تعلیم کے معیار اور سکول انتظامیہ اور والدین کے درمیان موثر تعاون جیسے امور پر تفصیلی گفتگو کی ۔ شرکت کنندگان سے خطاب کرتے ہوئے وزیر نے نجی اسکولوں کی جانب سے شفافیت ، احتساب اور سرکاری رہنما خطوط کی پابندی کو یقینی بنانے پر زور دیا ، جبکہ طلبہ اور والدین کے مفادات کی حفاظت کو بھی مدِ نظر رکھا ۔ محترمہ سکینہ ایتو نے حکومت کے معیاری ، جامع اور سستی تعلیم فراہم کرنے کے عزم کی دوبارہ تصدیق کی ۔ انہوں نے زور دیا کہ طلبہ کی فلاح و بہبود اولین ترجیح ہے اور انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی قسم کے استحصال یا مقررہ ضوابط سے انحراف برداشت نہیں کیا جائے گا ۔ وزیر نے سکول ایجوکیشن کے سیکرٹری سے کہا کہ وہ سکولوں میں کتابوں کی دستیابی کے فوری مسئلے سے نمٹنے کے کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دیں ۔ انہوں نے جے کے بوس کے مقررہ نصاب کے تحت نہ آنے والی کتابوں کی غیر مجاز فروخت کو روکنے کیلئے بازاروں میں مسلسل نگرانی کا بھی مطالبہ کیا ۔ اس انٹر یکشن کے دوران پیرنٹس ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے مختلف مسائل جیسے من مانی فیس میں اضافہ ، سالانہ چارجز ، سرکاری کتابوں کی دستیابی کے باوجود نجی پبلشرز کی کتابیں استعمال کرنا ، ٹرانسپورٹ چارجز اور دیگر متعلقہ مسائل اٹھائے ۔ انہوں نے فیس میں اضافہ یا متعلقہ معاملات میں فیصلے کرتے وقت پیرنٹس ایسوسی ایشن کی نمائندگی کا مطالبہ بھی کیا ۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ نگرانی کے نظام کو مزید مضبوط بنائے تا کہ من مانی طریقوں کو روکا جا سکے اور طلبہ دوست تعلیمی ماحول کو یقینی بنایا جا سکے ۔
وزیر نے انہیں یقین دلایا کہ ان کی تشویشات کو تفصیل سے جانچا جائے گا اور تمام متعلقہ فریقین سے مشاورت کے بعد مناسب اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ موجودہ ضوابط کی سختی سے عملداری کی نگرانی کریں اور والدین کی تنظیموں کے ساتھ باقاعدہ رابطے میں رہ کر شکایات کو فوری طور پر حل کریں ۔ پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے بھی وزیر کے سامنے مختلف مسائل اٹھائے اور ان کے بروقت حل کا مطالبہ کیا ۔ وزیر نے انہیں یقین دلایا کہ یہ مسائل جلد حل کئے جائیں گے ۔










