لفٹینٹ گورنر نے سوشلسٹ رہنما اور بنارس ہندو یونیورسٹی اسٹوڈنٹس یونین کے سابق صدر بابو مارکنڈیا سنگھ کو خراجِ عقیدت پیش کیا

لفٹینٹ گورنر نے سوشلسٹ رہنما اور بنارس ہندو یونیورسٹی اسٹوڈنٹس یونین کے سابق صدر بابو مارکنڈیا سنگھ کو خراجِ عقیدت پیش کیا

جموں//لفٹینٹ گورنر مسٹر منوج سنہا نے آج بنارس ہندو یونیورسٹی ( بی ایچ یو ) اسٹوڈنٹس یونین کے سابق صدر اور مشہور سوشلسٹ رہنما بابو مارکنڈیا سنگھ کو خراجِ عقیدت پیش کیا ۔ وارانسی میں ان کی یاد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لفٹینٹ گورنر نے بابو مارکنڈیا سنگھ کی زندگی اور خدمات پر روشنی ڈالی ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا ’’ بابو مارکنڈیا سنگھ نے نوجوانوں کی رہنمائی عزم ، حکمت اور لگن کے ساتھ کی ۔ ان کی زندگی ایک مثال ہے جو نوجوان نسل کو قوم کی تعمیر میں حصہ ڈالنے کی ترغیب دیتی ہے ۔ ‘‘ انہوں نے کہا ’’ بابو مارکنڈیا سنگھ سیاست میں پاکیزگی کی علامت تھے اور ان کی زندگی سائنسی برتری کی پرورش اور انسانیت کیلئے گہرے عزم کا ایک منفرد امتزاج ظاہر کرتی ہے ۔ ان کی زندگی امن ، سماجی انصاف ، انسانی خدمت اور انسانی وقار کے اصولوں پر مبنی تھی ۔ ‘‘ لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ بابو مارکنڈیا سنگھ جی معزز مہامانا پنڈت مدن موہن مالویہ جی کے حقیقی شاگرد تھے ۔ انہوں نے کہا مہامانا ہمیشہ ہنر مندی کی ترقی ، بہتر تعلیم اور آزادانہ سوچ پر زور دیتے تھے ، جنہیں وہ سماجی ، معاشی ترقی اور فلاح و بہبود کی ایک ریاست کے قیام کیلئے ضروری سمجھتے تھے۔ بابو مارکنڈیا سنگھ جی انہی اقدار کا زندہ مجسمہ تھے اور انہوں نے اپنی پوری زندگی معاشرے کی ترقی اور قوم کی تعمیر میں وقف کر دی ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ بھارت پائیدار ترقی ، صلاحیت کی تعمیر اور ہنر مندی کی ترقی ، سب کیلئے برابر مواقع ، علم کی نئی سرحدوں تک پہنچنے ، اختراعات اور تخلیقی صلاحیتوں کیلئے فکری سرمائے کی تعمیر کے واضح مقاصد کے ساتھ تاریخی ترقی کی طرف پراعتماد قدم بڑھا رہا ہے ۔