Weather

7 دسمبر تک کسی بڑی موسمی تبدیلی کی توقع نہیں:محکمہ موسمیات

سری نگر//گزشتہ کئی ہفتوں سے جاری خشک موسمی صورتحال اوررات کے وقت آسمان صاف رہنے کی وجہ سے کشمیر وادی میں شبانہ درجہ حرارت میں تنزلی کاسلسلہ برقرار ہے جبکہ سری نگراور اسکے نواحی علاقوں میں صبح کی گہری دُھند لوگوںکیلئے تکلیف دہ بنتی جارہی ہے ،کیونکہ دُھند سے ہونے والی تاریکی میں ڈرائیوربنا ہیڈلائٹس آن کئے گاڑیاں نہیں چلاسکتے ہیں ۔اس دوران محکمہ موسمیات نے7دسمبرتک موسمی صورتحال جوںکی توں رہنے کاامکان ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ کشمیروادی میں درجہ حرارت میں مزید گراوٹ آنے سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوسکتاہے ۔جے کے این ایس کے مطابق پوری کشمیر وادی سخت سردی کی لپیٹ میں آچکی ہے ،کیونکہ صبح اورشام کے وقت یخ بستہ ہوائیں چلنے کے بیچ رات کاپارہ مسلسل گررہاہے ۔بدھ کی صبح بھی شہر سری نگراوراسکے نواحی علاقوں بشمول سری نگرہوائی اڈے کی حدودمیں گہری دُھند چھائی رہی ۔مختلف علاقوں سے سری نگرآنے والے اوریہاں سے مختلف علاقوںکی جانب جانے والے لوگوںنے بتایاکہ گہری دُھند کایہ عالم تھاکہ 100میٹر فاصلے تک کچھ نظر نہیں آرہاتھا۔انہوںنے کہاکہ ڈرائیور ہیڈلائٹس آن کرکے گاڑیاں چلائے رہے تھے ،اوروہ کہرے کی وجہ سے ممکنہ حادثے سے بچنے کیلئے گاڑیوںکی رفتار بھی کم رکھے ہوئے تھے ۔محکمہ موسمیات کے ایک ذمہ دار نے بتایاکہ منگل اوربدھ کی درمیانی رات سری نگر شہر میں رات کاکم سے کم درجہ حرارت منفی1.6ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاگیاجبکہ گزشتہ رات درجہ حرارت منفی 2.2ڈگری سینٹی گریڈ درج ہواتھا۔انہوںنے بتایاکہ منگل اوربدھ کی درمیانی رات پہلگام ،گلمرگ، کپوارہ،قاضی گنڈ اورکوکرناگ میں رات کاکم سے کم درجہ حرارت بالترتیب منفی3.4،1.0،2.5،1.6اور0.3ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈکیاگیا۔دریں اثناء محکمہ موسمیات نے جموں و کشمیر میں اگلے24 کے لیے بنیادی طور پر خشک موسم کی پیش گوئی کی ہے اورساتھ ہی کہا ہے کہ 7 دسمبر تک کسی بڑی تبدیلی کی توقع نہیں ہے۔