محکمہ ہینڈی کرافٹس کے کوالٹی کنٹرول لیب میں جی آئی کیو آر لیبلنگ کا آغاز

لیب برانڈ ویلیو میں اضافہ کرنے اور مارکیٹ تک رسائی کو بہتر بنانے کیلئے غیر ٹیکسٹائل او رمعدوم ہوتی دستکاری کی تصدیق کرے گی

سری نگر//محکمہ ہینڈی کرافٹس و ہینڈ لوم کشمیر نے جغرافیکل اِنڈکشن(جی آئی) کی جانچ اور سر ٹیفکیشن بالخصوص غیر ٹیکسٹائل اور معدوم ہوتی دستکاریوں کے لئے ایک اہم پیش رفت کے طور پر آج سری نگر میں اپنے کوالٹی کنٹرول ڈویژن (کیو سی ڈِی) میں جی آئی کیو آر کوڈ مینجمنٹ سسٹم کاباقاعدہ آغاز کیا۔این اے بی ایل سے تسلیم شدہ آئی آئی سی ٹی اورپی ٹی کیو سی سی لیبارٹریوں کے بعدکیو سی ڈِی جموں و کشمیر میں تیسری جی آئی لیب بن گئی ہے۔ اَب یہ لیب مختلف مصنوعات کی جانچ اور ان پر جی آئی لیبل لگانے کا کام انجام دے گی جن میں وگوو ، گبہ،نمدہ، اخروٹ کی لکڑی کی نقش کاری، چین سٹچ، ختمبند اور کریول شامل ہیں۔وگو واور نمدہ جیسی معدوم ہوتی دستکاریوں کے لئے جی آئی کیو آر لیبل متعارف کرنے سے ان روایتی ہنروں کو بڑا فروغ ملنے کی توقع ہے جس سے ملکی اور بین الاقوامی منڈیوں میں ان کی برانڈ ویلیو میں اضافہ ہوگا۔ اُنہوں نے مزید کہا، ’’یہ اقدام اعلیٰ معیار اور زیادہ قدر رکھنے والی مصنوعات جیسے کشمیری پشمینہ، ہاتھ سے بُنے قالین اور کانی و سوزنی کڑھائی والی شالوں سے آگے جی آئی سرٹیفکیشن کے دائرہ کار کو وسعت دینے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔‘‘وزیراعلیٰ نے حال ہی میںتجدید شدہ کیو سی ڈِی لیبارٹری کا افتتاح کیا تھا جوجسے ایک اعلیٰ ریزولوشن ڈیجیٹل مائیکرو سکوپ اور دیگر ضروری سامان سے لیس کیا گیا ہے ۔اِس لیبارٹری کی اَپ گریڈیشن کے لئے فنڈنگ وزارتِ ٹیکسٹائل کے نیشنل ہینڈی کرافٹس ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت اور یو ٹی کیپکس بجٹ سے فراہم کی گئی۔ حالیہ عرصے تک یہ لیب کشمیر کی صرف غیر جی آئی ہاتھ سے تیار کردہ مصنوعات کی لیبلنگ کر رہی تھی۔
جی آئی کیو آر لیبلنگ سسٹم منتخب ہاتھ سے تیار کردہ مصنوعات کی اصلیت کی تصدیق کرے گا اور انہیں کم قیمت والے مارکیٹ سیگمنٹ تک رسائی حاصل کرنے میں مدد دے گا۔ محکمہ کی جاری صلاحیت سازی اور بہتر پیکیجنگ کی کوششوں کو مزید تقویت دے گا جس میں نمدہ، گبہ اور ویگو جیسی معدوم ہوتی دستکاریوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی جو یو ٹی کے اندر اور باہر مضبوط مارکیٹ صلاحیت رکھتی ہیں۔محکمہ نے کاریگروں، بُنکروں اور دیگر شراکت داروں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے مصنوعات پر معمولی صارف فیس کے عوض لیبل لگوانے کے لئے کیو سی ڈِی لیبارٹری سے رجوع کریں تاکہ کشمیر کی عمدہ درمیانے درجے کی ہاتھ سے بنی دستکاریوں میں انتہائی ضروری برانڈ ویلیو کا اِضافہ ہو سکے۔