جاوید رانا نے جموںوکشمیر میں پی ایم ون دھن وِکاس یوجنا کی عمل آوری کا جائزہ لیا

جاوید رانا نے جموںوکشمیر میں پی ایم ون دھن وِکاس یوجنا کی عمل آوری کا جائزہ لیا

مزید سیلف ہیلپ گروپوں کے قیام او رمالی وطبعی پیش رفت کو مضبوط بنانے کی ہدایت

جموں//وزیر برائے جل شکتی ، جنگلات و ماحولیات اور قبائلی امور محکمہ جات جاوید احمد رانا نے آج ایک میٹنگ کی صدارت کی جس میں جموں و کشمیر میں پی ایم وَن دھن وِکاس یوجنا (وِی ڈِی وِی وائی) کی عمل آوری کا جائزہ لیا گیا بالخصوص اس سکیم کے تحت سیلف ہیلپ گروپوں( ایس ایچ جیز)کے قیام اور ان کے کام کاج پر توجہ مرکوز کی گئی۔میٹنگ میں مشن ڈائریکٹراین آر ایل ایم ، ڈائریکٹر فائنانس محکمہ قبائلی امور اور جوائنٹ ڈائریکٹر پلاننگ محکمہ قبائلی امور نے شرکت کی۔دورانِ میٹنگ وزیر موصوف نے سکیم کے تحت حاصل کی گئی مالی و طبعی پیش رفت پر تفصیلی بات چیت کی اور سیلف ہیلپ گروپوں کے قیام اور مضبوطی کے لئے کئے گئے اقدامات کا جائزہ لیا۔ اُنہوں نے اِجتماعی کاروبار، ویلیو ایڈیشن اور مقامی طور پر دستیاب جنگلاتی اور دیگر وسائل کے بہتر اِستعمال کے ذریعے قبائلی کمیونٹیوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کی سرگرمیوں کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا۔اُنہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ پی ایم وَن دھن وِکاس یوجنا کی عمل آوری قبائلی کمیونٹیوں بالخصوص خواتین اورسیلف ہیلپ گروپوں سے وابستہ دیگر اراکین کے لئے ٹھوس روزگار اور آمدنی کے مواقع میں بدلنا چاہیے۔جاوید رانا نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ مزیدسیلف ہیلپ گروپوں کے قیام میں تیزی لائیں اور قبائلی علاقوں میں اہل استفادہ کنندگان کی وسیع تر کوریج کو یقینی بنائیں،ممکنہ استفادہ کنندگان کی نشاندہی، ان کی تنظیم سازی میں سہولیت فراہم کرنے اور ضروری ادارہ جاتی و تکنیکی معاونت فراہم کرنے پر زور دیا تاکہ سیلف ہیلپ گروپ دیرپا معاش گروپوں کے طور پر کام کر سکیں۔اُنہوں نے محکمہ قبائلی امور اور جے کے آر ایل ایم کے درمیان قریبی ہم آہنگی پر زور دیا تاکہ سکیم کی مؤثر عمل آوری کو یقینی بنایا جا سکے اور اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ فزیکل پیش رفت اور مالی استعمال دونوں کی باقاعدہ نگرانی کریں۔
وزیر موصوف نے مزید کہا کہ سکیم کے فوائد نچلی سطح تک پہنچنے چاہئیں اور تمام مداخلتوں کا مقصد قبائلی کمیونٹیوں کو بااختیار بنانا، معاش کو مضبوط کرنا اوردیرپا اِقتصادی مواقع کو فروغ دینا ہونا چاہیے۔اُنہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ وقفے وقفے سے پیش رفت کا باقاعدہ تفصیلی جائزہ لیں اور سکیم کی عمل آوری میں رُکاوٹ بننے والی کسی بھی رُکاوٹ کو دور کریں۔وزیر جاوید رانا نے قبائلی کمیونٹیوں کے لئے معاش کے مواقع کو مضبوط بنانے اور جموں و کشمیر میں جامع اور دیرپاترقی کے لئے فلاحی و ترقیاتی سکیموں کی مؤثر عمل آوری کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔اُنہوں نے سکیم کے تحت تربیت اور صلاحیت سازی کی کوششوں کے بارے میں تفصیلی معلومات طلب کیں ۔جاویدرانا نے افسران پر زور دیا کہ وہ قبائلی مصنوعات کے لئے علاقائی اور قومی سطح پر مارکیٹ روابط کو بڑھانے کے لئے کوششیں تیز کریں، محکموں کو موجودہ نفاذی کمیوں کی نشاندہی کرنے، بین ادارہ جاتی تعاون کو مضبوط بنانے، اور ان علاقوں میں نئی تجاویز پیش کرنے کی ہدایت دی جہاں مداخلتوں کی فوری ضرورت ہے۔اُنہوں نے ترقیاتی تفاوت کو دور کرنے اور وَن دھن وکاس یوجنا کی رسائی اور افادیت کو بڑھانے کے لئے بروقت اور منصوبہ بند اَقدامات کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔