یوم آزادی ، ہر گھر ترنگا شہریوں میں حب الوطنی اور اِتحاد کو پروان چڑھاتا ہے ۔ صوبائی کمشنر کشمیر

سری نگر//صوبائی کمشنر کشمیر وِجے کمار بِدھوری نے یوم آزادی کو جوش و خروش کے ساتھ منانے کے سلسلے میں آج ٹی آر سی میں سول سوسائٹی اور تجارتی اَنجمنوں کے نمائندوں کے ساتھ ایک میٹنگ منعقد کی تاکہ اِس قومی تقریب کو فخریہ اَنداز میں منایا جاسکے۔میٹنگ میں ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر محمد اعجاز اسد ، ایس ایس پی سری نگر ، ایس ایس پی ٹریفک ، ضلعی اِنتظامیہ کے دیگر اَفسران کے علاوہ سول سوسائٹی اور تجارتی اَنجمنوں کے نمائندوں بشمول دکاندار ، ہوٹل والے ، ہائوس بورٹ مالکان ، شکارہ ایسو سی ایشن ٹرانسپورٹروں وغیر ہ نے شرکت کی۔دورانِ میٹنگ صوبائی کمشنر کشمیر نے پوری قوم کے لئے اِس قابلِ فخر لمحے کو منانے کی اہمیت کو اُجاگر کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ یوم آزادی پر ہر شہری اَپنے ملک پر فخر کرتا ہے اور شہریوں میں حب الوطنی اور اتحاد کو پروان چڑھاتا ہے۔اُنہوں نے یوم آزادی کو جوش و خروش سے منانے میں سول سوسائٹی اور تجارتی اَنجمنوں کے کردارپر بھی روشنی ڈالی۔صوبائی کمشنر کشمیر نے کہا کہ جی ۔20 اور یاترا۔2023ء سمیت جموںوکشمیر میں منعقد ہونے والی دیگر بڑی تقریبات کی طرح اِس برس بھی یوم آزادی کو سول سوسائٹی ، تاجروں ، نوجوانوں اور عام لوگوں کی شرکت کے ساتھ ایک بڑی تقریب کے طورپر منایا جائے گا۔اُنہوں نے ہرگھر پر قومی پرچم لہرا کر’ ہر گھر ترنگا‘ مہم کو کامیاب بنانے پر زور دیا۔اُنہوں نے کہا کہ قومی پرچم لہرانے میں عوام کی بھرپور شرکت سے جشن کا ماحول پیدا ہوگا۔،شہریوں میں اِتحاد کا جذبہ پیدا ہوگا اور ملک کی سا لمیت کو فروغ ملے گا۔تاجروں اور سول سوسائٹی اراکین نے قومی تقریب میں بھرپور شرکت کے عزم کا اعادہ کیا۔اُنہوں نے اسے ملک کے لئے ایک بڑا لمحہ بنانے کے لئے ہر طرح سے مکمل تعاون اور سپورٹ کا یقین دِلایا۔صوبائی کمشنر کشمیر نے یومِ آزادی کی تقریبات اور ترنگا ریلیوں کے اِنعقاد کے حوالے سے شرکأ کی اِختراعی تجاویز کا بھی خیر مقدم کیا۔اُنہوں نے اُنہیں 13؍ اگست کو ’ ترنگا ریلی‘ کے لئے بھی مدعو کیا جو ایس کے آئی سی سی میں صبح 6بجے شروع ہوگی۔صوبائی کمشنر نے شرکأ سے کہا کہ وہ اَپنے اِداروں کو ترنگوں سے سجائیں اور لال چوک کو رنگین چوک بنائیں۔