نئی دلی میں بی جے پی لیڈران اور کارکنوں کی اعلیٰ سطحی میٹنگ سے وزیر اعظم مودی کا خطاب
سرینگر//وزیر اعظم نریندر مودی نے پارٹی لیڈران و کارکنوں پر زوردیا ہے کہ وہ سرحدی دیہاتوں علاقوں کا دورہ کرکے وہاں کے لوگوں سے بات چیت کرنے، مسائل کو حل کرنے اور ان کی ترقی کو یقینی بنانے کیلئے اپنی کوششیں تیز کریں تاکہ جموں کشمیر کو دوسری ریاستوں کی طرح ترقی یافتہ بنایا جائے اور تعمیر و ترقی کے کاموں کو اونچائیوں تک پہنچا یا جا سکے ۔ سی این آئی کے مطابق نئی دہلی میں بی جے پی کی قومی ایگزیکٹو میٹنگ منعقد ہوئی جس کی سربراہی وزیر اعظم نریندر مودی نے کی ۔ اس میٹنگ میںتمام قومی لیڈران کے ساتھ ساتھ جموں کشمیر سے وابستہ بی جے پی لیڈران نے بھی شرکت کی ۔ اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے سرحدی علاقوں کی ترقی سمیت کئی مسائل کا حوالہ دیا۔انہوں نے پارٹی کے سینئر لیڈروں کو مشورہ دیا کہ وہ سرحدی دیہات کے دورے کریں اور وہاں کے لوگوں سے ملاقات کریں۔اس موقعہ پر وزیر اعظم مودی نے لیڈران کو ہدایت دی ہے کہ وہ سرحدی لوگوں کے مسائل کو حل کریں، سرحدی گاؤں کی ترقی کو یقینی بنائیں اور وہاں کے لوگوں سے رابطے میں رہیں۔جموں و کشمیر کی بہت بڑی آبادی سرحدی علاقوں میں رہتی ہے جن میں جموں، سانبہ، کٹھوعہ، راجوری اور جموں خطہ کے پونچھ اضلاع اور کشمیر میں بارہمولہ اور کپواڑہ شامل ہیں۔پارٹی ذرائع نے بتایا کہ مودی نے بی جے پی کے ارکان کو انتخابی تحفظات کے بغیر سماج کے ہر طبقے بشمول اقلیتوں جیسے بوہرا، پسمانداس اور سکھوں تک پہنچنے کو کہا۔وزیر اعظم نے یہ بھی کہا کہ ہندوستان کا بہترین دور آ رہا ہے اور “ہمیں اس کی ترقی کے لئے خود کو وقف کرنا چاہئے”۔وزیر اعظم مودی نے اجتماع سے کہا کہ بی جے پی اب محض ایک سیاسی تحریک نہیں ہے بلکہ ایک سماجی تحریک بھی ہے جو سماجی و اقتصادی حالات کو بدلنے کے لیے کام کر رہی ہے۔










