ہمارے لئے جنوبی کوریا کیساتھ تعلقات اہمیت کے حامل:اردغان

ہمارے لئے جنوبی کوریا کیساتھ تعلقات اہمیت کے حامل:اردغان

انقرہ/ایجنسیز// صدر رجب طیب اردغان نے کہا ہے کہ ہم جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں کوریا کے ساتھ تعاون کو بڑی اہمیت دیتے ہیں۔جنوبی کوریا کے صدر لی جے میانگ کی دعوت پر سیول کے دورہ پر موجود ا یردوان نے وفود کی سطح پر ہونے والے مذاکرات کے بعد منعقدہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ترکیہ اور جنوبی کوریا کے درمیان تاریخی دوستی کی بنیادوں کو یاد دلاتے ہوئے، جو 76 سال قبل کوریا کی جنگ میں کوریا کی آزادی کیلئے ترک فوجیوں کی قربانیوں سے رکھی گئی تھیں، اردغان نے اس بات پر زور دیا کہ باہمی رابطے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو متحرک اور مستقبل پر مرکوز انداز میں آگے بڑھائیں گے۔میزبان صدر لی کے ساتھ ملاقات میں اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو ترجیحی ایجنڈے کے طور پر بتاتے ہوئے صدر اردغان نے کہا کہ ایک اور اہم موضوع نیوکلیئر انرجی اور مائننگ (معدنیات) پر مشتمل تھا۔اردغان نے کہا کہ ہم خاص طور پر بیٹری کی پیداوار،مصنوعی ذہانت اور سیمی کنڈکٹرز سمیت کئی جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں کوریا کے ساتھ تعاون کو بہت اہمیت دیتے ہیں۔ جیسا کہ آپ جانتے ہیں، دفاعی صنعت ان اولین شعبوں میں شامل ہے جہاں ہماری اسٹریٹجک شراکت داری کے ٹھوس نتائج برآمد ہوئے ہیں ، محترم صدر کے ساتھ ملاقات میں ہم نے فر طنہ ہووٹزر اور التائے ٹینک جیسے کامیاب مشترکہ منصوبوں کی تعداد بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔