نوجوان نسل کا سماجی خدمت سے جڑنا ملک کے مستقبل کیلئے اہم

12 برسوں کے دوران ہم 50 کروڑ افراد کو انتہائی غربت سے باہر نکلنے میں کامیاب

خشک سالی سے متاثرہ کسانوں کے ساتھ این ڈی اے حکومت پوری مضبوطی سے کھڑی / وزیر اعظم مودی

سرینگر / این این بی // ترقی یافتہ ہندوستان کی منزل حاصل کرنے کے لیے اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں کا اعلان کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ ملک کی ترقی کے سفر میں ہر شہری کی مسلسل شرکت اہمیت رکھتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خشک سالی کی صورتحال کے پیش نظر این ڈی اے حکومت کسانوں کے ساتھ پوری مضبوطی اور حساسیت کے ساتھ کھڑی ہے اور مرکزی حکومت کی جانب سے انہیں ہر ممکن امداد فراہم کی جائے گی۔ نیشنل نیوز بیورو ( این این بی ) کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ مہاراشٹر میں خشک سالی کی صورتحال کے پیش نظر این ڈی اے حکومت کسانوں کے ساتھ پوری مضبوطی اور حساسیت کے ساتھ کھڑی ہے اور مرکزی حکومت کی جانب سے انہیں ہر ممکن امداد فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے ملک کے عوام سے اپیل کی کہ جاری تہواروں کے موسم میں کسانوں کو یاد رکھیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ خشک سالی سے متاثرہ خاندان بھی دیوالی کی خوشیوں میں شریک ہوسکیں۔پونے میٹرو لائن 3 (پنک لائن) کا ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے افتتاح کرنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ وہ مہاراشٹر میں خشک سالی کی صورتحال سے پوری طرح واقف ہیں اور ریاستی حکومت نے بھی متاثرہ افراد کو پیشگی امداد فراہم کی ہے۔ انہوں نے ریاست کے کسانوں کو یقین دلایا کہ اس مشکل گھڑی میں حکومت ان کے ساتھ کھڑی ہے اور انہیں پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔مودی نے کہا کہ مہاراشٹر میں وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس کی قیادت میں گزشتہ چند برسوں کے دوران آبی تحفظ اور پانی جمع کرنے کے شعبے میں بڑے پیمانے پر کام کیا گیا ہے، تاہم موجودہ قدرتی آفت نے سنگین چیلنجز پیدا کردیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کسانوں کی مشکلات کو سمجھتی ہے اور اجتماعی کوششوں کے ذریعے اس بحران کا مقابلہ کیا جائے گا۔وزیر اعظم نے عوام پر زور دیا کہ وہ دیوالی کے موقع پر خشک سالی سے متاثرہ شہریوں، کسانوں اور دیہی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کی مشکلات کو فراموش نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ دیوالی کی خوشیاں ان متاثرہ خاندانوں کے گھروں تک بھی پہنچنی چاہئیں اور یہ ہم سب کی سماجی ذمہ داری ہے کہ مشکل حالات سے دوچار لوگوں کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کریں۔انہوں نے وزیر اعظم کسان سمان ندھی (پی ایم کسان) اسکیم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت اس اسکیم سمیت مختلف اقدامات کے ذریعے کسانوں کو مالی مدد فراہم کررہی ہے اور زرعی برادری کو بااختیار بنانے کے لیے مسلسل کام کیا جارہا ہے۔ مودی نے کہا کہ ہندوستان کو ایک ترقی یافتہ ملک بنانے کے سفر میں کسانوں کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔اس موقع پر وزیر اعظم نے عالمی بینک کی ایک حالیہ رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 12 برسوں کے دوران ہندوستان میں 50 کروڑ افراد انتہائی غربت سے باہر نکلنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اس وقت دنیا کی تیزی سے ترقی کرنے والی معیشتوں میں شامل ہے اور غربت میں کمی لانے کے معاملے میں بھی نمایاں پیش رفت کررہا ہے۔ ان کے مطابق اقتصادی ترقی اور غربت میں کمی ایک دوسرے سے جڑے ہوئے عوامل ہیں۔مودی نے کہا کہ سڑکوں، ریلوے، ہوائی اڈوں اور میٹرو نیٹ ورک سمیت بنیادی ڈھانچے کے شعبے میں سرمایہ کاری سے لوگوں کی زندگیوں میں بہتری آرہی ہے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہورہے ہیں۔ اسی طرح بجلی، پینے کے پانی اور گیس پائپ لائنوں سے متعلق منصوبے بھی عوام کو سہولتیں فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ غریب خاندانوں کو مکانات، بیت الخلا، نل کے ذریعے پینے کا پانی اور ایل پی جی گیس کنکشن فراہم کرنے سے ان کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔ ان سہولیات کے نتیجے میں لوگوں کا وقت بچ رہا ہے اور انہیں اضافی آمدنی حاصل کرنے کے مواقع بھی میسر آرہے ہیں۔اپنی 25 سالہ عوامی زندگی کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ان کی حکومت کا ہمیشہ یہی نقطہ نظر رہا ہے کہ غریبوں کو اس قدر بااختیار بنایا جائے کہ وہ اپنی محنت اور کوششوں کے ذریعے غربت سے باہر نکل سکیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو بااختیار بنانا ہی اچھی حکمرانی کی بنیادی پہچان ہے۔مودی نے مزید کہا کہ غربت میں کمی سے نہ صرف محرومیوں سے باہر نکلنے والے خاندانوں کو فائدہ پہنچتا ہے بلکہ اس سے متوسط طبقے کی توسیع اور لوگوں کی قوت خرید میں اضافے کے ذریعے مجموعی معیشت بھی مضبوط ہوتی ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ ترقی یافتہ ہندوستان کی منزل حاصل کرنے کے لیے اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں اور ملک کی ترقی کے سفر میں ہر شہری کی مسلسل شرکت اہمیت رکھتی ہے۔