گوگل کوروم کا غیر محفوظ انٹرنیٹ کنیکشنز سے حفاظت کا فیچر

دنیا کی سب سے بڑی انٹرنیٹ سرچ انجن گوگل اپنے براؤزر ’کوروم‘ کو مزید محفوظ بنانے پر کام جاری رکھے ہوئی ہے اور جلد ہی براؤزر پر ایک زبردست فیچر پیش کیے جانے کا امکان ہے۔گوگل کی اپڈیٹس پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ ’نائن ٹو فائیو گوگل‘ کے مطابق کمپنی کے ماہرین کوروم پر غیر محفوظ انٹرنیٹ کنیکشنز کے کھولنے اور وہاں سے ڈاؤن لوڈنگ کو روکنے کے فیچر پر کام کر رہے ہیں، جسے جلد متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔گوگل کوروم میں اس وقت بھی صارفین کو بعض مرتبہ ویب سائٹ کے ایڈریس کے ساتھ لکھا ہوا نظر آتا ہے کہ وہ غیر محفوظ انٹرنیٹ کنیکشن استعمال کر رہے ہیں، تاہم مذکورہ فیچر کے بعد اس میں سیکیورٹی مزید بہتر ہوجائے گی۔رپورٹ کے مطابق مذکورہ فیچر کے بعد نہ صرف انٹرنیٹ کنیکشنز بلکہ غیر محفوظ ویب سائٹس سے متعلق انتباہ بھی صارف کو نظر آئے گا اور کوروم صارف کو بتائے گا کہ جو وہ ’ایچ ٹی ٹی پی‘ استعمال کر رہے ہیں وہ غیر محفوظ ہے۔’ایچ ٹی ٹی پی‘ ہر ویب سائٹ کا پروٹوکل بار ہوتا ہے جو ہر ایڈریس کے آغاز میں لکھا ہوتا ہے اور اسی سے ہی کسی ویب سائٹ کے محفوظ یا غیر محفوظ ہونے سے متعلق معلومات ملتی ہے۔نئے فیچر کے تحت گوگل کوروم ’ایچ ٹی ٹی پی‘ کا جائزہ لے کر صارف کو انتباہ جاری کرے گا کہ وہ غیر محفوظ ویب سائٹ کو استعمال کر رہے ہیں۔یہیں بلکہ جب بھی کوئی صارف کسی غیر محفوظ ’ایچ ٹی ٹی پی‘ ایڈریس سے کوئی بھی مواد ڈاؤن لوڈ کرنا چاہے گا تو کوروم اسے بلاک کردے گا اور ساتھ ہی صارف کو وارننگ جاری کرے گا کہ وہ غیرمحفوظ ویب سائٹ سے مواد کو حاصل کر رہے ہیں۔مذکورہ فیچر کے تحت اگرچہ صارف کو اختیار ہوگا کہ وہ کوروم کی وارننگ کو نظر انداز کرکے غیر محفوظ ویب سائٹ سے مواد کو ڈاؤن لوڈ کرے، تاہم کوروم صارف کو متعدد بار انتباہ جاری کرے گا۔ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ مذکورہ فیچر کب تک کوروم میں پیش کیا جائے گا، تاہم امکان ہے کہ اسے جلد متعارف کرادیا جائے گا۔