آئی فون 18 پرو اور آئی فون 18 پرو میکس

18 ستمبر سے بھارت میں دستیاب ہونگے

سرینگر//ٹی ای این / ایپل کے نئے اور انتہائی پریمیم اسمارٹ فون آئی فون 18 پرو اور آئی فون 18 پرو میکس 18 ستمبر سے بھارت میں دستیاب ہوں گے۔ کمپنی کے مطابق آئی فون 18 پرو کی ابتدائی قیمت 1 لاکھ 64 ہزار 900 روپے جبکہ آئی فون 18 پرو میکس کی ابتدائی قیمت 1 لاکھ 79 ہزار 900 روپے مقرر کی گئی ہے۔کمپنی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آئی فون 18 پرو اور آئی فون 18 پرو میکس چار مختلف رنگوں میں دستیاب ہوں گے، جن میں بلیک، سلور، گلیشیئر اور نیا برگنڈی رنگ شامل ہے۔دونوں نئے ماڈل 256 جی بی، 512 جی بی، 1 ٹی بی اور 2 ٹی بی اسٹوریج کی گنجائش کے ساتھ پیش کیے جائیں گے۔ آئی فون 18 پرو کی ابتدائی قیمت 1,64,900 روپے اور آئی فون 18 پرو میکس کی ابتدائی قیمت 1,79,900 روپے ہوگی۔کمپنی کے مطابق آئی فون 18 سیریز کی پیشگی بکنگ 12 ستمبر سے بھارت سمیت دنیا کے 65 سے زائد ممالک اور خطوں میں شروع ہوگی۔ صارفین 12 ستمبر بروز ہفتہ صبح 5 بجے پیسیفک ٹائم سے آئی فون 18 پرو اور آئی فون 18 پرو میکس کی پیشگی بکنگ کر سکیں گے، جبکہ فونز کی باقاعدہ دستیابی 18 ستمبر بروز جمعہ سے شروع ہوگی۔آئی فون 18 پرو اور آئی فون 18 پرو میکس کی بھارت میں آمد ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب ایپل کی بھارتی مارکیٹ میں کارکردگی مسلسل بہتر ہو رہی ہے۔ رپورٹ کے مطابق مالی سال 2026 میں بھارت میں آئی فون کی ریکارڈ فروخت کے باعث ایپل کی آمدنی 10 ارب امریکی ڈالر سے تجاوز کرنے کا اندازہ ہے۔بھارتی کرنسی میں یہ آمدنی تقریباً 1 لاکھ کروڑ روپے کے برابر بنتی ہے۔ مارکیٹ ریسرچ ادارے کاؤنٹرپوائنٹ کے مطابق مالی سال 2026 میں بھارت میں ایپل کے آئی فون کی ترسیل 1 کروڑ 40 لاکھ یونٹس تک پہنچ گئی، جو گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 24 فیصد زیادہ ہے۔رپورٹ کے مطابق بھارت میں ایپل کی مجموعی آمدنی میں آئی فون کا سب سے بڑا حصہ ہے، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ بھارتی صارفین میں ایپل کے مہنگے اور پریمیم اسمارٹ فونز کی مقبولیت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔