کولگام//ضلع اِنتظامیہ کولگام نے آج ضلع کے تین بلاکوں دیوسر ، کولگام اور ڈی ایچ پورہ میں عوامی مسائل ، شکایات اور مطالبات کا جائزہ لینے کے لئے میگا بلاک دیوس کا اِنعقاد کیا۔اِن شکایات کے ازالہ کیمپوں میں مختلف محکموں کے تمام متعلقہ اَفسران لوگوں کے لئے موجود رہے اور ان کے جلد ازالے کے لئے مسائل اور شکایات سنیں۔ضلع ترقیاتی کمشنر کولگام ڈاکٹر بلال محی الدین بٹ نے کولگام میں عوامی رسائی پروگرام کی صدارت کی اور لوگوں کے مسائل او رشکایات سماعت کی۔عوامی رسائی پروگرام میں مالوان ، نانی بُگ ، ماٹی بُگ ، سرینڈو ، اَمنو ، قیمواور دیگر علاقوں کے لوگوں نے شرکت کی اور ضلع ترقیاتی کمشنر کو اَپنے مسائل او رشکایات سے آگاہ کیا۔شکایات ازالے کیمپ میں دیگر مختلف علاقوں کے وفود نے بھی شرکت کی اور اَپنے علاقوں کی ترقیاتی ضروریات سے چیئرمین کو آگاہ کیا۔اِس موقعہ پر موجود اَفسران نے اَپنے محکموں سے متعلق لوگوں کے سوالات اور مطالبات کے جوابات دئیے۔اِس سے قبل اے سی ڈی محمد عمران نے گزشتہ بلاک دیوس کے دوران اُٹھائے گئے شکایات اور مسائل پر کی گئی کاررووائی کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی ۔اِس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر نے کہا کہ ہفتہ وار شکایتی ازالے پروگرام نے عوام میں مقبولیت حاصل کی ہے اور اس نے شکایات ازالے کے طریقہ کار کو مضبوط کیا ہے۔اُنہوں نے متعلقہ اَفسروں سے کہا کہ وہ مسائل کا فوری اَزالہ کریں۔اُنہوں نے لوگوں کو ضلعی بہبود اور ترقی کے تئیں ضلعی اِنتظامیہ کے عزم کے بارے میں یقین دِلایا۔










