سری نگر// چیف الیکٹورل آفیسر (سی اِی او)جموں و کشمیر سنجیو ورما نے ڈِسٹرکٹ الیکشن اَفسران (ڈِی اِی اوز) اور الیکٹورل رجسٹریشن اَفسران (اِی آر اوز) کے ساتھ ایک میٹنگ کی صدارت کی۔ اس میٹنگ کا مقصد مسلسل اَپ ڈیٹ کرنے کے عمل کے تحت ان اہل ووٹروں کا اندراج کرنا تھا جو اَب تک فہرست میں شامل نہیں ہو سکے ہیں یا جو نئے اہل ووٹروں’نوجوان/پہلی بار ووٹ دینے والے‘ ہیں بالخصوص ان اہل ووٹروںپر توجہ مرکوز کرنے پر زور دیا گیا جو رجسٹریشن کے لئے اہلیت حاصل کر چکے ہیں۔چیف الیکٹورل آفیسر نے ہدایت دی کہ بوتھ لیول اَفسران (بی ایل اوز) گھر گھر جا کر رابطہ کریں اور ایسے اہل ووٹروں کے لئے دستیاب رہیں جنہیں اندراج یا متعلقہ فارم سے متعلق کسی بھی قسم کی مدد درکار ہو۔ انہیں یہ بھی ہدایت دی گئی کہ فارم پُر کرنے اور جمع کرنے کے عمل میں بالخصوص ان معاملات میں جہاں ووٹروں کو کسی دشواری کا سامنا ہو، ہر ممکن سہولیت فراہم کی جائے تاکہ کوئی بھی اہل ووٹر اندراج سے محروم نہ رہ جائے۔ چیف الیکٹورل آفیسرجموںوکشمیر نے ایک درست اور جامع اِنتخابی فہرست کو یقینی بنانے کے اَپنے عزم کا اعادہ کیا۔










