Disaster preparedness training held to commemorate International Day for PwD

کمپوزٹ ریجنل سینٹر بمنہ میں آفات سے نمٹنے کی تیاری کی تربیت کا اِنعقاد

سری نگر//معذور اَفراد کے بین الاقوامی دِن کے موقعہ پر کمپوزٹ ریجنل سینٹر( سی آر سی) بمنہ سری نگر کے مریضوں اور عملے کے لئے ایک روزہ آفات سے نمٹنے کی تیاری کی تربیت کااِنعقادکیا گیا ۔پروگرام میں ڈائریکٹر ڈیزاسٹر مینجمنٹ اینڈ نوڈل آفیسر ایس اِی او سی اِنجینئر عامر علی ، ڈائریکٹر سی آر سی بمنہ ڈاکٹر میر ظفر اِقبال اور ڈپٹی کمانڈنٹ این ڈی آر ایف ایم این خامہ نے شرکت کی۔اِس پروگرام کا اہتمام ڈیزاسٹر مینجمنٹ ریلیف ، بازآباد کاری اور تعمیر نو (ڈی ایم آر آر آر)محکمہ نے سٹیٹ ڈیزاسٹر رسپانس فورس ( ایس ڈی آر ایف) کے اشتراک سے کیا ہے۔تربیت میں سی آر سی عملے کے اَرکان، سی آر سی میں مختلف پیرا میڈیکل کورسز کے طلاب،معذور مریضوں کے والدین ، جو سی آر سی بمنہ میں علاج اورفزیو تھراپی سے گزررہے ہیں، نے شرکت کی۔دورانِ تربیت شرکأ کو عبدالغفار اور اعجاز احمد کی قیادت میں ایس ڈی آر ایف کے ماہر اِنسٹرکٹروں نے سرچ اینڈ ریسکیو ، فائر فائٹنگ اور فسٹ ایڈ پر پریکٹیکل سیشن کی تربیت دی۔جموںوکشمیر کے معذور اَفراد کے لئے کمپوزٹ ریجنل سینٹر بمنہ قائم کیا گیا ہے جو معذور اَفراد کو بااِختیار بنانے کے محکمہ سوشل جسٹس و امپاور منٹ مرکزی وزارت نے قائم کیا ہے ۔ بھارت کے کمپوزٹ ریجنل سینٹر کا مقصد ایک جامع معاشرے کی تعمیر کرنا ہے جس میں معذور اَفراد کی نشو و نما او رترقی کے یکساں مواقع فراہم کئے جائیں تاکہ وہ پیداواری ، محفوظ اور باوقار زندگی گزار سکیں۔یہ مرکز معذور اَفراد کی باز آبادکاری اور ایساماحول پیدا کرنے میں مدد کرتا ہے جو ایسے اَفراد کو مساوی مواقع فراہم کرتا ہے، ان کے حقوق کا تحفظ کرتا ہے اور انہیں معاشرے کے آزاد اور پیداواری اَرکان کے طور پر حصہ لینے کے قابل بناتا ہے۔