ورثے کی بحالی کا اقدام بھدرواہ کی سیاحتی صلاحیت کو تقویت دے گا اور تاریخی ورثے کو محفوظ رکھے گا
سری نگر//حکومت نے جموں و کشمیر کے تاریخی ورثے کے تحفظ اور مقامی سیاحت کے فروغ دینے کی ایک بڑی پہل میںبھدرواہ ڈوڈہ میں واقع تاریخی رتن گڈھ قلعے کی مرمت اور تزئین و آرائش کے لئے 10 کروڑ روپے کی منظوری دِی ہے۔اِس منصوبے کا مقصد تاریخی عمارت کا تحفظ، اِس کی مجموعی حالت کو بہتر بنانا اور اسے وادیٔ چناب میں ایک اہم ورثہ اور سیاحتی مقام کے طور پر ترقی دینا ہے۔بحالی کے کام سے قلعے کی تعمیراتی اور تاریخی خصوصیات کو محفوظ رکھنے کے ساتھ ساتھ سیاحوں کے لئے بہتر سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔یہ اقدام جموں و کشمیر کے بھرپور ثقافتی اور تعمیراتی ورثے کے تحفظ اور تاریخی مقامات کو سیاحتی مراکز کے طور پر ترقی دینے کے حکومت کے وسیع تر منصوبے کا حصہ ہے۔رتن گڈھ قلعہ بھدرواہ کے ان تاریخی مقامات میں شامل ہے جو اَپنی مخصوص ثقافتی روایات، تاریخی فن تعمیر اور قدرتی مناظر کے لئے جانا جاتا ہے۔ قلعے کی بحالی سے بھدرواہ کے سیاحتی سرکٹ میں ایک اہم تاریخی پہلو شامل ہونے کی توقع ہے اور سیاحوں کی تعداد میں اِضافہ اور مقامی اِقتصادی سرگرمیوں میں مدد ملے گی۔حکومت نے حالیہ مہینوں کے دوران جموں و کشمیر بھر میں تاریخی و ثقافتی اثاثوں کے تحفظ اور ترقی کے لیے متعدد اقدامات شروع اور منظور کئے ہیں۔ ان اقدامات میں تاریخی اہمیت کی حامل عمارتوں کی بحالی اور انہیں وسیع تر سیاحتی معیشت کے ساتھ مربوط کرنے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔










