جموں و کشمیر کو عالمی فلمی مرکز کے طور پر فروغ دیا جا رہا ہے

جموں و کشمیر کو عالمی فلمی مرکز کے طور پر فروغ دیا جا رہا ہے

فلمی صنعت، سیاحت، روزگار اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے پر زور// وزیر اطلاعات

سرینگر/ یو این ایس/مرکزی حکومت نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر کو ملکی اور بین الاقوامی فلم سازوں کے لیے ایک پرکشش فلمی مقام اور عالمی سنیما ہب کے طور پر فروغ دیا جا رہا ہے۔ اس مقصد کے لیے فلم شوٹنگ کی اجازت کے عمل کو سنگل ونڈو ڈیجیٹل نظام کے تحت آسان بنایا گیا ہے، جبکہ خطے میں فلم سازی، سیاحت، روزگار اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے متعدد اقدامات کیے جا رہے ہیں۔یو این ایس کے مطابق راجیہ سبھا میں ایک غیر ستارہ شدہ سوال کے تحریری جواب میں اطلاعات و نشریات اور پارلیمانی امور کے مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر ایل مرگن نے بتایا کہ ملک بھر میں، بشمول جموں و کشمیر، فلم شوٹنگ کی اجازت اب نیشنل فلم ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے زیر انتظام ’’انڈیا سنی ہب‘‘ نامی سنگل ونڈو ڈیجیٹل پورٹل کے ذریعے دی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس پورٹل پر تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں فلم بندی سے متعلق مقامات اور سہولیات کی معلومات دستیاب ہیں، جبکہ شوٹنگ کی اجازت کے لیے موصول ہونے والی درخواستوں پر متعلقہ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے نامزد نوڈل افسران کے اشتراک سے آن لائن کارروائی کی جاتی ہے۔وزیر مملکت نے مزید بتایا کہ حکومت جموں و کشمیر میں فلم پروڈکشن اور پوسٹ پروڈکشن کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے بھی اقدامات کر رہی ہے۔ اس سلسلے میں نیشنل فلم ڈیولپمنٹ کارپوریشن مختلف ریاستی فلمی میلوں اور دیگر تشہیری پلیٹ فارمز کے ساتھ اشتراک کر رہی ہے تاکہ جموں و کشمیر کے فلم بندی کے مقامات کو ملکی اور غیر ملکی پروڈیوسرز کے سامنے مؤثر انداز میں پیش کیا جا سکے۔مرکزی حکومت کے مطابق ان اقدامات کا مقصد جموں و کشمیر میں فلمی صنعت کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ سیاحت میں اضافہ، روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا اور سرمایہ کاری کو راغب کرنا بھی ہے۔