سپریم کورٹ کے معروف وکیل ایڈووکیٹ محمد نور اللہ راشٹریہ جنتا دل اقلیتی سیل، دہلی کے ریاستی صدر نامزد

نئی دہلی: سپریم کورٹ آف انڈیا کے معروف وکیل ایڈووکیٹ محمد نور اللہ کو راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) اقلیتی سیل، دہلی کا ریاستی صدر نامزد کیا گیا ہے۔ راشٹریہ جنتا دل اقلیتی سیل کے قومی صدر اور سابق مرکزی وزیر محمد علی اشرف فاطمی کی ہدایت پر قومی پرنسپل جنرل سکریٹری و ترجمان ڈاکٹر سید محب الحسن ہیرا نے ایڈووکیٹ محمد نور اللہ کی تقرری کا باضابطہ حکم نامہ جاری کیا۔ تقرری نامے میں امید ظاہر کی گئی ہے کہ ایڈووکیٹ محمد نور اللہ اپنی صلاحیت، قانونی تجربے اور سماجی وابستگی کو بروئے کار لاتے ہوئے دہلی میں پارٹی تنظیم کو مزید مضبوط، منظم اور فعال بنانے میں مؤثر کردار ادا کریں گے۔ وہ پارٹی کے تنظیمی، عوامی اور تعمیری پروگراموں میں بھرپور تعاون کرتے ہوئے اقلیتوں، پسماندہ اور محروم طبقات کے مسائل کو مؤثر انداز میں اجاگر کریں گے۔
ایڈووکیٹ محمد نور اللہ سپریم کورٹ کے معروف وکیل ہیں اور قانونی و سماجی میدان میں سرگرم کردار ادا کرتے رہے ہیں۔ ان کی نامزدگی کو دہلی میں راشٹریہ جنتا دل کی تنظیمی سرگرمیوں، بالخصوص اقلیتی سیل کو مزید وسعت اور استحکام دینے کی سمت ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔ اپنی نامزدگی پر ایڈووکیٹ محمد نور اللہ نے پارٹی کی قومی قیادت، بالخصوص قومی صدر اقلیتی سیل محمد علی اشرف فاطمی اور ڈاکٹر سید محب الحسن ہیرا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ پارٹی کی جانب سے دی گئی ذمہ داری کو پوری دیانت داری، سنجیدگی اور عزم کے ساتھ نبھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ دہلی میں پارٹی کو مضبوط بنانے کے لیے تمام طبقات کو ساتھ لے کر کام کریں گے اور سماجی انصاف، مساوات، آئینی اقدار اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے فروغ کو اپنی ترجیحات میں شامل رکھیں گے۔
ایڈووکیٹ محمد نور اللہ نے راشٹریہ جنتا دل کے بانی اور بہار کے سابق وزیر اعلیٰ لالو پرساد یادو کی سیاسی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی طویل سیاسی زندگی میں سماجی انصاف، مساوات اور پسماندہ و محروم طبقات کے سیاسی و سماجی حقوق کے لیے نمایاں جدوجہد کی۔ انہوں نے کہا کہ لالو پرساد یادو نے ہندوستانی سیاست میں سماجی انصاف کے تصور کو مضبوط کرنے اور کمزور طبقات کو سیاسی نمائندگی اور آواز دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے تیجسوی یادو کی بھی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ نئی نسل کی قیادت کے طور پر سماجی انصاف، شمولیتی ترقی، مساوات اور سیکولر اقدار کے عزم کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے موجودہ حالات میں ایسی سیاست کی ضرورت ہے جو سماج کے تمام طبقات کو ساتھ لے کر چلے اور آئین کے بنیادی اصولوں، خصوصاً انصاف، آزادی، مساوات اور بھائی چارے کا تحفظ کرے۔
ایڈووکیٹ محمد نور اللہ نے کہا کہ راشٹریہ جنتا دل کی سیاست میں سماجی انصاف اور سیکولرازم بنیادی اہمیت رکھتے ہیں اور وہ دہلی میں پارٹی کی تنظیم کو نچلی سطح تک مضبوط کرنے کے ساتھ ساتھ ان اصولوں کو عوام تک پہنچانے کے لیے بھرپور محنت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں، پسماندہ طبقات اور دیگر محروم طبقات کے جائز مسائل کو جمہوری اور آئینی طریقے سے اٹھانا ان کی ترجیحات میں شامل ہوگا۔ ایڈووکیٹ محمد نور اللہ کی نامزدگی پر پارٹی رہنماؤں، کارکنوں، وکلا، سماجی شخصیات اور ان کے متعلقین نے انہیں مبارک باد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ ان کی قیادت میں راشٹریہ جنتا دل اقلیتی سیل، دہلی مزید فعال، منظم اور مضبوط ہوگا۔