گیانیش کمار کی برطرفی تک ہر روز جنتر منتر تک مارچ ہوگا

گیانیش کمار کی برطرفی تک ہر روز جنتر منتر تک مارچ ہوگا

نئی دہلی//ایجنسیز/ یہ واضح کرتے ہوئے کہ بڑے پیمانے پر گرفتاریوں سے ان کے حوصلے بلند نہیں ہونگے سی جے پی اور دوسری طلباء تنظیموں نے اعلان کیا ہے کہ جس وقت تک گیانیش کمار مستعفی نہیں ہوجائیں گے اس وقت تک ہر روز جنتر منتر تک مارچ کیا جائے گا ۔ سی جے پی کے نمائندوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے یہ بات بتائی ۔ سی جے پی کے بانی ابھیجیت ڈپکے ‘ ترجمان سورو داس اور آشوتوش رانکا کی گرفتاری کے بعد دوسرے نمائندوں نے یہ بات بتائی ۔ کہا گیا ہے کہ ڈپکے اور دونوں ساتھی اب بھی پولیس کی حراست میں ہی ہیں۔ سی جے پی نے احتجاجیوں کے خلاف طاقت کے استعمال کی شدید مذمت کی ہے اور کہا کہ وہ نہیں جانتے کہ ڈپکے اور دوسرے ساتھی کہاں رکھے گئے ہیں انہوں نے بتایا کہ ڈپکے کے ساتھ غیر انسانی سلوک کیا جا رہا ہے اور انہیں اپنی دادی کی آخری رسومات میں شرکت کیلئے جانے کی بھی اجازت نہیں دی جا رہی ہے جن کا آج مہاراشٹرا میں دیہانت ہوگیا تھا ۔ سی جے پی لیڈر اجنکیا شنڈے نے کہا کہ اب ہر روز جنتر منتر تک مارچ ہوگا جب تک گیانیش کمار کو برطرف نہیں کیا جاتا ۔ ایس ایف آئی کے جنرل سکریٹری سریجن بھٹا چاریہ نے اس ڈکٹیٹرشپ والی آمرانہ حکومت کے خلاف وسیع تر اتحاد کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ اتوار سے طلباء کے احتجاج کو ملک کے مختلف کونوں تک پہونچایا جائے گا ۔ طلباء کی جانب سے ہر جگہ پرامن مظاہرے ہونگے اور جہاں کہیں پولیس رکاوٹیں کھری کی جائیں گی اس مقام کو جنتر منتر بنادیا جائے گا ۔ واضح رہے کہ آج سی جے پی کی جانب سے جنتر منتر پر احتجاج کو روکنے ہزاروں افراد کو حراست میں لیا گیا تھا جن میں ڈپکے اور دوسرے ساتھی بھی شامل تھے ۔ کئی طلباء قائدین کو بھی حراست میں لے کر مختلف مقامات کو منتقل کردیا گیا تھا ۔ طلباء کی جانب سے جہاں جنتر منتر تک پہونچنے کی کوشش کی جاتی رہی وہیں پولیس کی جانب سے انہیں حراست میں لیا جاتا رہا ۔ کچھ مواقع پر احتجاجی ‘ پولیس رکاوٹوں کو پھلانگنے میں بھی کامیاب رہے تھے ۔