اڑتے مسافر طیارے میں ایمرجنسی گیٹ کھولنے کی کوشش، کیرالہ پولیس نے مسافر کے خلاف درج کیا کیس

اڑتے مسافر طیارے میں ایمرجنسی گیٹ کھولنے کی کوشش، کیرالہ پولیس نے مسافر کے خلاف درج کیا کیس

کوالالمپور سے کوچی آ رہی ’باٹک ایئر‘ کی پرواز ’او ڈی 231‘ میں ایک مسافر نے دوران پرواز ہی ہنگامہ برپا کر دیا۔ اس نے طیارے کا ایمرجنسی گیٹ کھولنے کی کوشش کی، کھڑکی کا پینل توڑ دیا اور مسافروں سمیت عملہ کے اراکین کو دھمکایا۔ پولیس نے اس معاملہ کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ملزم پر اقدام قتل کی دفعہ عائد کر کیس درج کر لیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پلکڑ کے کٹناد کا رہنے والا جمشیر اتھانیکل گزشتہ 10 سالوں سے ملیشیا میں اپنے دوست کی کمپنی میں کام کر رہا تھا۔ وہ اپنے نوزائیدہ بچے کو دیکھنے کے لیے کیرالہ واپس آ رہا تھا۔ گزشتہ بدھ کو دوران پرواز اس نے اچانک پُرتشدد رویہ اختیار کرنا شروع کر دیا۔ ابتدائی پوچھ گچھ میں اس نے پولیس کو بتایا کہ سفر کے دوران اسے لگا کہ ’وہ مرنا چاہتا ہے‘۔ پولیس کے مطابق پرواز میں ایسا کوئی سبب نہیں تھا جس کی وجہ سے اس کا رویہ بگڑتا۔ گرفتار ملزم نے مجسٹریٹ کے سامنے پیشی کے دوران بھی پُرتشدد حرکات کیں۔
بتایا جا رہا ہے کہ جمشیر نے دوران پرواز نہ صرف طیارے کا ایمرجنسی گیٹ زبردستی کھولنے کی کوشش کی، بلکہ اس نے کھڑکی کا پینل توڑ دیا اور مسافروں و عملے کو دھمکایا۔ تشویش ناک حالات ہوتے دیکھ کر عملہ کے اراکین نے فوری طور پر مداخلت کی اور ملزم کو قابو میں کر کے باندھ دیا۔ لینڈنگ کے بعد ملزم کو پولیس کے حوالہ کر دیا گیا۔ بعد ازاں مسافروں کی جان خطرے میں ڈالنے کے باعث پولیس نے ملزم کے خلاف اقدام قتل کی دفعہ عائد کی ہے۔
نیدومباسری پولیس کے مطابق ابتدا میں مجرمانہ دھمکی، ایئرکرافٹ ایکٹ اور کیرالہ پولیس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ بعد میں اقدام قتل کی دفعہ بھی شامل کر دی گئی ہے۔ پولیس پیر کو انگامالی جوڈیشل فرسٹ کلاس مجسٹریٹ کے سامنے درخواست دائر کر کے ملزم کی حراست اور اس کی ذہنی صحت کی جانچ کرانے کا مطالبہ کرے گی۔ ریاستی اور مرکزی ایجنسیاں بھی ملزم کے بارے میں معلومات جمع کر رہی ہیں۔ پولیس ملزم کی طبی اور خاندانی تاریخ کی بھی جانچ کر رہی ہے۔ ساتھ ہی دیگر مسافروں اور بیرون ملک موجود عملہ کے اراکین کے بیانات بھی درج کیے جا رہے ہیں۔