ڈی آئی پی آر کے کلچرل یونٹ نے بڈگام میں حب الوطنی کی ثقافتی تقریب کا اِنعقاد کیا

سری نگر//محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ جموں و کشمیر کے کلچرل یونٹ کشمیر اور ضلع اطلاعاتی مرکز بڈگام نے آزادی کے 75 سال کی تقریبات کے موقعہ پر آج شیخ العالم ہال بڈگام میں ’’ میرا بھارت مہان‘‘ کے موضوع کے تحت ایک رنگا رنگ ثقافتی پروگرام کا اِنعقاد کیا۔چیف ایجوکیشن آفیسر بڈگام رومانہ قاضی نے پروگرام کی صدارت کی جبکہ اِس موقعہ پر بڈگام کی ڈسٹرکٹ اِنفارمیشن آفیسر اِرم عزیز مہمان ذی وَقار کی حیثیت سے موجود تھیں۔گرلز ہائی سکول خانصاحب کی طالبات نے روایتی کشمیری روف پیش کیا۔ بوائز ہائیر سکینڈری سکول چاڈورہ کے طلباء نے نوجوانوں کو منشیات کے اِستعمال سے بچانے کے پیغام کے طور پر ’’ نشامُکت بھارت ‘ ‘ پر ایک سِکٹ پیش کیا۔اِس موقعہ پر شہکار کلچرل سوسائٹی سری نگر کے نامور فن کاروں نے نوجوانوں میں حب الوطنی اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے جذبات کو اُبھارنے کے موضوع پر ایک مختصر ڈرامہ ’’ ملژار ‘‘ پیش کیا۔چیف ایجوکیشن آفیسر بڈگام رومانہ قاضی نے اَپنے خیالا ت کا اِظہار کرتے ہوئے منتظمین کی طرف سے مختلف حساس مسائل سے بیداری پیدا کرنے اور نوجوانوں میں حب الوطنی اور ہم آہنگی کے حوالے سے آگاہی کی ایسی تقریبات کے اِنعقاد کو سراہا۔اِس موقعہ پر ڈی آئی او بڈگام نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایسے حب الوطنی کے تھیم پر مبنی پروگرام نوجوانوں میں اِتحاد کا جذبہ پیدا کرنے اور ملک کی سا لمیت کو فروغ دینے کے لئے فیسٹول کا ماحول بنانے کے لئے زیادہ متاثر کن ثابت ہوتے ہیں۔اُنہوں نے نوجوانوں میں اَمن بھائی چارے اور حب الوطنی کے جذبے کو پھیلانے کے لئے ڈی آئی پی آر کے کلچر ل یونٹ کشمیر کی کوششوں کو سراہا۔پروگرام کی نظامت اسسٹنٹ اِنفارمیشن آفیسر بڈگام لیاقت علی میر نے اَنجام دی۔ اے اِی سی او کلچرل یونٹ سیّد شکیل شان نے شکریہ کی تحریک پیش کرتے ہوئے کہا کہ وادی کے نوجوان فن ، اَدب اور موسیقی کے حوالے سے بہت با صلاحیت ہیں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ کلچرل یونٹ کشمیر بڑے پلیٹ فارموں پر اُبھرتے ہوئے فن کاروںکا ہمیشہ خیر مقدم کر تاہے۔بعد میں فن کاروں اور دیگر شرکأ کو ان کی مثالی کارکردگی پر مُبارک باد دی گئی۔دریں اَثنأ ، کلچرل یونٹ کشمیر نے جی ایچ ایس ایس دلنہ بارہمولہ میں نکڑ ناٹک اور ثقافتی پروگرام کا اِنعقاد کیا جہاں جسٹس ویژول آرٹس کے فن کاروں نے ایک مختصر ڈرامہ پیش کیا جبکہ طلباء نے حب الوطنی کے گیت اور سِکٹ پیش کئے۔