سرینگر//ڈاکٹر ہرش کے گپتا سابق ممبر نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی ( این ڈی اے ایم ) اور سابق سیکرٹری وزارت ارتھ سائنسز نے لفٹینٹ گورنر مسٹر منوج سنہا سے ملاقات کی ۔ ان کے ہمراہ پروفیسر شکیل اے رومشو وائس چانسلر اسلامی یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ( آئی یو ایس ٹی ) بھی تھے ۔ ملاقات میں جموں و کشمیر کو آفت سے محفوظ بنانے کی حکمت عملیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا جس میں تیاری اور خطرے کو کم کرنے پر زور دیا گیا ۔ قدرتی خطرات کے اثرات کو کم کرنے کیلئے منظم تیاری ، مضبوط بنیادی ڈھانچے اور باخبر شہریوں کے ذریعے اقدامات پر بھی گفتگو ہوئی ۔ وائس چانسلر آئی یو ایس ٹی نے لفٹینٹ گورنر کو آئی یو ایس ٹی کے ان اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا جو جموں و کشمیر ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے تعاون سے آفت سے متعلق آگاہی اور صلاحیت بڑھانے کیلئے کئے جا رہے ہیں ۔ لفٹینٹ گورنر نے حکومتی اداروں ، تعلیمی اداروں ، سول سوسائٹی اور مقامی کمیونٹیز کے درمیان کثیر فریقی تعاون کی اہمیت پر زور دیا تا کہ جموں و کشمیر کے ڈیزاسٹر منیجمنٹ ایکو سسٹم کو مضبوط کیا جا سکے ۔










