جموں//دربار موو کے تحت سرمائی دارالحکومت میں سول سیکرٹری کے دوبارہ کھلنے کے موقع پر ڈائریکٹر کالجز پروفیسر ٹونکل سوری نے وزیر تعلیم شمیم فردوس سے ملاقات کی ۔ اس ملاقات میں اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں کلیدی ترقیاتی ترجیحات اور ابھرتے ہوئے چیلنجز پر تبادلہ خیال ہوا جس میں جموں و کشمیر بھر میں تعلیمی ماحول کو مضبوط بنانے پر خاص زور دیا گیا ۔ گفتگو کے دوران دونوں فریقین نے سرکاری کالجوں کی ترقی ، تعلیمی انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن ، تعلیمی سہولیات میں اضافے اور اعلیٰ تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے مختلف ترقیاتی منصوبوں کے موثر نفاذ سے متعلق متعدد امور پر بات کی ۔ پروفیسر ٹونکل سوری نے وزیر کو محکمانہ جاری اقدامات کی پیش رفت سے آگاہ کیا ۔ انہوں نے ان اہم امور کو اجاگر کیا جن پر توجہ مرکوز کرنے اور بروقت مداخلت کی ضرورت ہے تا کہ یو ٹی بھر میں اعلیٰ تعلیمی اداروں کی ترقی اور نشو و نما کو تیز کیا جا سکے ۔ ٍوزیر نے اعلیٰ تعلیم کے نظام کو مضبوط کرنے کی اہمیت پر زور دیا ۔ انہوں نے حکومت کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ طلباء کو بہتر تعلیمی انفراسٹرکچر ، بہتر ادارہ جاتی سہولیات اور معیاری تعلیمی مواقع فراہم کئے جائیں ۔










