ڈائریکٹر لائبریریز نے ڈی ایل اینڈ آر کی طرف سے یومِ آزادی کی تقریبات کے اِنتظامات کا جائزہ لیا

سری نگر//ڈائریکٹر لائبریریز اینڈ ریسرچ محمد رفیع نے محکمہ لائبریریز اینڈ ریسرچ کے اَفسروں اور ملازمین کی ایک میٹنگ منعقد کی جس میں محکمہ کی جانب سے یومِ آزادی ۔2023ء کی تقریبات کے اِنتظامات کو حتمی شکل دی گئی۔میٹنگ میں ڈپٹی ڈائریکٹر لائبریریز اینڈ ریسرچ کشمیر ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لائبریری اینڈ ریسرچ کشمیر ، جموں وکشمیر ڈویژن کے چیف اور ڈسٹرکٹ لائبریرین نے شرکت کی۔میٹنگ میں جانکاری دی گئی کہ محکمہ کی جانب سے جشن آزادی۔2023ء کے حوالے سے اہم تقریبات کا اِنعقاد ایس پی ایس لائبریری سری نگر اور ایس آر ایس لائبریری جموں میں کیا جائے گا۔ڈائریکٹر لائبریریز اینڈ ریسرچ نے کہا کہ پبلک لائبریریوں کے تمام اِنچارج بشمول سینٹرل اور ڈسٹرکٹ لائبریریز متعلقہ پبلک لائبریریوں میں قومی پرچم لہرانے کو یقینی بنائیں گے اور سیٹ پروٹوکول ( فلیگ کوڈ اینڈ آرڈر آف پریزیڈنس ) پر سختی سے عمل کیا جائے ۔اُنہوں نے کہا کہ محکمہ کے تمام اَفسروں اور ملازمین’’ میری مٹی ، میرا دیش‘‘ مہم اور ’’ ترنگا یاترا‘‘ سمیت ’’ آزادی کا اَمرت مہااُتسو ‘‘ کے تحت ہونے والی دیگر تقریبات میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے ۔ڈائریکٹر موصوف نے ضلعی لائبریریوں اِنچارجوں سے کہا کہ وہ متعلقہ ضلعی اِنتظامیہ کے ساتھ ہم آہنگی پیدا کریں اور یوم آزادی ۔2023ء کی تقریبات کے سلسلے میں متعلقہ ضلعی اِنتظامیہ کی طرف سے منعقد کی جانے والی تمام تقریبات میں محکمہ کی فعال شرکت کو یقینی بنائیں۔مرکزی اور ضلعی لائبریریوں کے تمام اِنچارجوں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ یومِ آزادی ۔2023ء کے موقعہ پر لائبریری کی متعلقہ عمارتوں میں روشنی کا اِنتظام کریں۔میٹنگ میں یہ بھی فیصلہ لیا گیا کہ عوامی لائبریریوں کے اِنچارج متعلقہ لائبریریوں میں یومِ آزادی۔2023ء کی تقریبات کے سلسلے میں خصوصی کتابوں کی نمائش کا اِنعقاد کریں گے تاکہ ہندوستان کی جدو جہد آزادی کو اُجاگر کیا جاسکے۔