چکی بدوانی کو کولگام ۔ قاضی گنڈ کے ساتھ متبادل ہمہ موسمی سڑکوںکے ذریعے جوڑا گیا ہے۔ نائب وزیراعلیٰ

چکی بدوانی کو کولگام ۔ قاضی گنڈ کے ساتھ متبادل ہمہ موسمی سڑکوںکے ذریعے جوڑا گیا ہے۔ نائب وزیراعلیٰ

سری نگر//نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری نے ایوان کومطلع کیاکہ چکی بدوانی پہلے ہی کولگام۔قاضی گنڈ روڈ سے ایک موجودہ سڑک یعنی ‘چکی بدوانی تا ملک آباد کیوا وانپورہ‘کے ذریعے منسلک ہے۔نائب وزیر اعلیٰ نے یہ بات رُکن اسمبلی عبدالمجید لارمی کی جانب سے کولگام ۔قاضی گنڈ سڑک سے چکی بدوانی تک رابطے کی کمی کے حوالے سے پیش کی گئی توجہ دلاؤ تحریک کا جواب دیتے ہوئے کہی۔انہوں نے بتایا کہ اس سڑک کو مالی برس 2000-01 میں منظوری دی گئی تھی اور اس کی تعمیر کا کام محکمہ دیہی ترقی کے’دیہی انجینئرنگ ونگ‘نے مرحلہ اوّل کے تحت مکمل کیا تھا۔نائب وزیراعلیٰ نے کہا کہ’ او ایم ایم اے ایس پورٹل‘ کے ریکارڈ کے مطابق یہ سڑک 2005 میں مکمل ہوئی اور مینی ٹیننس کے لئے آر اینڈ بی محکمہ کے حوالے کی گئی لیکن بعد میں اسے مینی ٹیننس کے لئے واپس پی ایم جی ایس وائی محکمہ کے سپرد کیا گیا۔ سریندر کمارچودھری نے بتایا کہ 2025-26 میں اس سڑک کو تجدید کے لئے سی اینڈ ٹی کے تحت تجویز اور منظوری دی گئی تھی لیکن دائرہ اِختیار کے مسائل کی وجہ سے اس تجویز پر عمل نہیں ہو سکا اور اسے روک دیا گیا۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ محکمہ اس معاملے کو حل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔اُنہوںنے ایوان کو یہ بھی بتایا کہ چکی بدوانی کی آبادی متبادل طور پر ایک ہمہ موسمی سڑک سے جڑی ہوئی ہے جو ریلوے سٹیشن پل سے چکی بدوانی چنار تک جاتی ہے جو آر اینڈ بی ڈویژن کولگام کے دائرہ اختیار میں آتی ہے اور اس آبادی کو قاضی گنڈ سے جوڑتی ہے۔