رواں مالی برس کے دوران سری نگر میں 118 کلومیٹر سڑکوں پر تار کول بچھایا گیا۔ نائب وزیراعلیٰ

چاڈورہ کے مرکزی پُل کی بحالی کا کام جاری ۔ نائب وزیراعلیٰ

سری نگر//نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری نے ایوان کو بتایا کہ چاڈورہ کے مرکزی پُل کی بحالی کا کام جاری ہے جسے 28 ؍نومبر 2025 ء کو غیر محفوظ قرار دے کر گاڑیوں کی آمد و رفت کے لئے بند کیا گیا تھا۔نائب وزیراعلیٰ نے رُکن اسمبلی علی محمد ڈار کی طرف سے پُلوں کی صورتحال کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ چاڈورہ کے مرکزی پُل کا این آئی ٹی سری نگر نے تکنیکی معائینہ کیا تھا جس کے بعد 2؍ فروری 2026 ء کو سفارشات موصول ہوئیں۔اُنہوں نے ایوان کو بتایا کہ تکنیکی سفارشات کی بنیاد پر پُل کی بحالی اور تعمیر نو کے لئے تفصیلی پروجیکٹ رِپورٹ (ڈِی پی آر) تیار کی گئی اور 999.54 لاکھ روپے کی اِنتظامی منظوری دی گئی۔ اس کے بعد 3 ؍اگست 2026 ء کو کام الاٹ کیا گیا اور یہ کام فی الحال جاری ہے۔اُنہوں نے چاڈورہ میں نئے بس سٹینڈ کے قریب متبادل پُل کے بارے میں کہا کہ پُل کی تعمیر پہلے ہی مکمل ہو چکی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ اس کی اپروچ روڈ کی تکمیل کے لئے یو ٹی کیپکس 2026-27 کے تحت 50 لاکھ روپے فراہم کئے گئے ہیں۔نائب وزیراعلیٰ نے مزید بتایا کہ اپروچ روڈ کے لئے زمین کے حصول کا عمل اور الائنمنٹ کی عملی جانچ فی الوقت جاری ہے۔ اپروچ روڈ کی تعمیر اور متبادل پُل کو فعال کرنے کا کام اس کے بعد شروع کیا جائے گا جس کا انحصار اَراضی کے حصول اور دیگر متعلقہ ضابطہ کارروائی کی تکمیل پر ہوگا۔اُنہوں نے ہانجی گنڈ پُل پر کہا کہ یہ پُل اس منصوبے کا حصہ ہے جس کا عنوان ’’دولت پورہ کے راستے ہانجی گنڈ سے چاڈورہ تک سڑک (ڈائیورژن) کی تعمیربشمول 35 میٹر طویل ٹرس گرڈر پُل‘‘ ہے اور جسے نبارڈ کے تحت منظوری دی گئی تھی۔اُنہوں نے ایوان کو آگاہ کیا کہ پُل تقریباً 2.50 کلومیٹر سڑک سمیت مکمل ہو چکا ہے اوراس منصوبے کی مجموعی طبعی پیش رفت 76 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ایک چھوٹے سے حصے کے علاوہ کام تکمیل کے قریب ہے اور متعلقہ حکام اس حصے پر بھی توجہ دے رہے ہیں۔