Rohit Kansal

پلوامہ ضلع ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہے:روہت کنسل

پلوامہ//پرنسپل سیکرٹری پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ اور محکمہ اطلاعات روہت کنسل نے پلوامہ کا دورہ کیا تاکہ ضلع میں مجموعی ترقیاتی منظر نامے کا جائزہ لیا جاسکے۔اُنہوں نے تمام مرکزی اور یوٹی حکومت کی ترقیاتی اور سماجی سیکورٹی سکیموں کا جائزہ لیا ۔اُنہوں نے مختلف محکموں کی کارکردگی اورضلع اِنتظامیہ کی سرمائی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا۔پرنسپل سیکرٹری روہت کنسل جوکہ ضلع پلوامہ کے سیکرٹری اِنچارج بھی ہیں، نے تمام محکموں کی شعبہ وار کارکردگی کا بھی جائزہ لیا ۔ اُنہوں نے کہاکہ جموںوکشمیر حکومت مشکلات کو دُور کرنے،سماجی و فلاحی سکیموں کو تمام اہل شہریوں کے لئے آسانی سے قابل رَسائی بنانے کے لئے مسلسل کوششیں کر رہی ہے ۔اُنہوں نے اَفسران پر زور دیا کہ وہ تمام استفادہ کنند گان کی سکیموں کی صد فیصد سیچوریشن کو یقینی بنانے اور عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لئے باقاعدہ عوامی رَسائی سرگرمیاں شروع کریں۔پرنسپل سیکرٹری نے ڈسٹرکٹ کیپکس منصوبہ اور ضلع میں دیگر اہم بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کا جائزہ لیتے ہوئے ضلع ترقیاتی کمشنر کو ہدایات جاری کیں کہ وہ تمام بنیادی ڈھانچہ پروجیکٹوں کی وقتاً فوقتاً نگرانی کریں اور ان کی مقررہ مدت میں تکمیل کو یقینی بنائیں۔ اُنہوں نے پاورڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کو ہدایت دی کہ بجلی کے چارجز ادا نہ کرنے والے ٹاپ نادہندگان کی لائن منقطع کی جائے اور بجلی چوری پر قابو پانے کے لئے رات گئے انسپکشنوں کا عمل مزید تیز کیا جائے۔محکمہ بجلی کے اَفسران کو سردیوں میں بجلی کی فراہمی بحال کرنے کی واضح ہدایات جاری کی گئیں۔اُنہوں نے کہا کہ عام شہریوں کو کم از کم پریشانی کو یقینی بنانے کے لئے پیشگی منصوبہ بندی اور وسائل کی بہترین تقسیم کو اپنائیں۔پرنسپل سیکرٹری نے اَفسران سے اَپنے خیالات کا اِظہار کرتے ہوئے کہا کہ پلوامہ ضلع ترقی اور خوشالی کی راہ پر گامزن ہے اور اگر اَفسران اور دیگر شراکت دارفعال رہیں تو اسے ترقیاتی ماڈل بنایا جاسکتا ہے۔ اُنہوں نے زور دے کر کہا کہ کسی بھی سرکاری افسر کی کوتاہی کوبرداشت نہیں کی جا سکتی اور افسران کو عوامی خدمات کو قابل رسائی بنانے میں سب سے آگے آنا چاہیئے۔اِس سے قبل ضلع ترقیاتی کمشنر پلوامہ بصیر الحق چودھری نے بذریعہ پاور پوائنٹ پرزنٹیشن ڈسٹرکٹ کیپکس بجٹ کے تحت ترقیاتی سرگرمیوں اور جے جے ایم ، بیک ٹو وِلیج ، پی ڈبلیو ڈی ، بجلی، پی ایچ اِی ، سوشل بہبود اور دیگر شعبوں کی سکیموں کی حصولیابیوں کا تفصیلی جائزہ پیش کیا ۔میٹنگ میں چیف اِنجینئر پی ڈی ڈی ، منیجنگ ڈائریکٹر پی ڈی ڈی ، ضلع ترقیاتی کمشنر پلوامہ کے علاوہ تمام ضلعی اور سیکٹورل اَفسران نے شرکت کی۔