کشمیر میں 9 مقامات پرEDٹیموں کی چھاپے ماری
سری نگر//مرکزی تحقیقاتی ایجنسی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ED) کی ٹیموں نے پاکستان کے مختلف کالجوں میں جموں وکشمیرکے طلباء وطالبات کو ایم بی بی ایس سیٹوں کی الاٹمنٹ سے متعلق ایک معاملے کے سلسلے میں جمعرات کو کشمیر میں9مقامات پر چھاپے مارے کرتلاشی کارروائی عمل میں لائی ،جس دورانEDکے اہلکاروں نے اس معاملے سے جڑے کچھ ثبوت بھی حاصل کئے ۔جے کے این ایس کے مطابق مرکزی تحقیقاتی ایجنسی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ED) کی ٹیموں نے جمعرات کو کشمیر میں9الگ الگ مقامات پر چھاپے ڈالے،اور اس سلسلے میںعلیحدگی پسند لیڈر قاضی یاسر اور جموں و کشمیر سالویشن موومنٹ کے چیئرمین ظفر اکبربٹ کے گھروں پر چھاپے مارے گئے،اور وہاں کافی وقت تک تلاشیاں بھی لی گئیں۔حکام کے حوالے سے بتایا گیا کہ مرکزی تحقیقاتی ایجنسی کی ایک ٹیم نے جمعرات کی صبح مقامی پولیس اورسی آرپی ایف کیساتھ مل کر سری نگر کے باغ مہتاب علاقے میں سالویشن موومنٹ کے چیئرمین محمد اکبر بٹ عرف ظفر اکبربٹ کے گھر پر چھاپہ مارا۔معلوم ہواکہ اس چھاپے کے دوران پولیس اورسی آرپی ایف نے ظفراکبربٹ کے مکان کومحاصرے میں رکھاجبکہ EDکے اہلکاروںنے مکان کے اندر تلاشی کارروائی عمل میں لائی ۔حکام نے بتایا کہ مرکزی تحقیقاتی ایجنسی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ED) کی ایک اور ٹیم نے جمعرات کی صبح اننت ناگ کے قاضی محلہ علاقے میں ایک اورعلیحدگی پسند لیڈرقاضی یاسر کے گھر پر بھی چھاپہ مارا،اوروہاں بھی پولیس کی موجودگی میں تلاشی کارروائی عمل میں لائی گئی ۔انہوں نے کہاکہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ED) کی ایک ٹیم نے پولیس اورسی آرپی ایف کی مددسے سری نگر کے باغات علاقے میں سید خالد گیلانی کے گھر پر بھی چھاپہ ڈالا۔ذرائع نے بتایاکہ سیدخالد گیلانی کے گھرکی بھی تلاشی لی گئی ۔غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق سری نگر اوراننت ناگ میںڈالے گئے چھاپوں کے دوران EDکے اہلکاروں نے اس معاملے سے جڑے کچھ ثبوت بھی حاصل کئے۔










