سری نگر//جموں وکشمیر کے گرمائی دارلخلافہ سری نگر کے پائین علاقوں میں منگل کے روز موبائیل انٹرنیٹ خدمات کو بحال کیا گیا جس سے طلبا و تاجر برادری نے راحت کی سانس لی ہے۔ایک طالب علم منان منظور نے یو این آئی اردو کو ’بتایا کہ موبائیل انٹرنیٹ معطل رہنے کی وجہ سے طلبا کو آن لائن تعلیم کے حصول میں دقتیں پیش آرہی تھیں جس وجہ سے اُن کی پڑھائی متاثر ہو رہی تھی‘۔انہوں نے کہا کہ موجودہ سائنسی دور میں انٹرنیٹ کی اشد ضرورت ہے تاکہ طلبہ و طالبا ت مقابلہ آرائی کے اس دور میں اپنی قابلیت کا لوہا منوا سکیں۔بتا دیں کہ رام باغ تصادم کے بعد انتظامیہ نے پائین شہر میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات کو منقطع کیا جس وجہ سے طلبہ وطالبات کو زبردست مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا تھا جبکہ تاجر برادری کو بھی اس حوالے سے طرح طرح کی مشکلات آڑے آرہی تھیں۔علاوہ ازیں شہری ہلاکتوں کے بعد ڈاون ٹاون علاقوں میں صبح اور شا م کے اوقات میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات کو منقطع کرنے کا عمل پچھلے ایک ماہ سے جاری ہے جس سے نہ صرف طلبا کا قیمتی وقت ضائع ہورہا ہے بلکہ سرکاری کام کاج میں بھی رخنہ پڑا ہے۔تاہم منگل کی صبح سے ہی انتظامیہ کی جانب سے پائین شہر میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات کو بحال کیا گیا اور توقع ظاہر کی جارہی ہے کہ اب معمول کے مطابق ہی موبائیل انٹرنیٹ سروس بحال رہے گی۔یو این آئی










