Dilbagh singh

ٹیررفنڈنگ کیلئے سرحدپار سے منشیات کی اسمگلنگ

ایسے معاملات میں سزا کو یقینی بنانے کیلئے شکوک و شبہات کی کوئی گنجائش نہیں:ڈی جی پی

سری نگر//جموں و کشمیر کے پولیس سربراہ دلباغ سنگھ نے کہا کہ پاکستان منصوبہ بند طریقے سے دہشت گردی کی مالی معاونت اور ہمارے نوجوانوں کو اس لعنت کا شکار کرنے کیلئے بھاری مقدار میں منشیات جموں و کشمیر میں دھکیل رہا ہے۔جے کے این ایس کے مطابق جموں و کشمیر کے پولیس کے ڈائریکٹر جنرل نے گزشتہ روزجموںمیں نارکوٹکس کنٹرول بیورو کے تعاون سے منعقدہ جے اینڈ کے پولیس افسران کے لیے ایک خصوصی تربیتی پروگرام کی صدارت کرتے ہوئے یہ تبصرہ کیا۔ڈائریکٹر جنرل پولیس دلباغ سنگھ نے جمعرات کو جاجر کوٹلی میں 52 کلو گرام ہیروئن اور اس سے قبل پونچھ، بارہمولہ، کپواڑہ اور دیگر سرحدی علاقوں میں مختلف منشیات کی بھاری مقدار کی ضبطی کا حوالہ دیتے ہوئے، کہا کہ پاکستان منصوبہ بند طریقے سے دہشت گردی کی فنڈنگ کیلئے بھاری مقدار میں منشیات کو آگے بڑھا رہا ہے۔ اور اپنے برے عزائم کو پورا کرنے کے لئے ہمارے نوجوانوں کو اس خطرے میں شامل کرررہاہے۔این ڈی پی ایس کے معاملات میں سزا کی شرح کو بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے، ڈی جی پی نے کہا کہ منشیات کی اسمگلنگ اور تجارت کے معاملات کی پیشہ ورانہ طور پر تحقیقات کی جانی چاہیے، ایسے معاملات میں سزا کو یقینی بنانے کے لئے شکوک و شبہات کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ڈی جی پی دلباغ سنگھ نے بین ریاستی منشیات کے گٹھ جوڑ کی نشاندہی پر بھی زور دیا۔دلباغ سنگھ نے جموں و کشمیر پولیس افسران کو تربیت دینے کے لئے فیکلٹی ٹیم فراہم کرنے کے لیے این سی بی کے سربراہ ایس این پردھان کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ اس تربیتی پروگرام کا مقصد این ڈی پی ایس کیسوں میں جے اینڈ کے پولیس کے تفتیشی افسران کی تفتیشی صلاحیتوں کو بڑھانا اور اپ گریڈ کرنا ہے اور مزید کہا کہ مسئلہ کی شدت کو دیکھتے ہوئے یہ تربیتی کورس بہت اہمیت کا حامل ہے۔پولیس سربراہ دلباغ سنگھ نے امید ظاہر کی کہ یہ پروگرامNDPS کیسوں کی تحقیقات میں افسران کے لئے مددگار ثابت ہوگا۔