ملک کی مقامی صلاحیتوں نے میرے اعتماد کو نمایاں طور پر بڑھایا ،نئے سرے سے فخر کا احساس دلایا/ وزیر اعظم
سرینگر // اپنی محنت اور لگن کی وجہ سے ہم خود انحصاری کے میدان میں دنیا میں کسی سے کم نہیں ہیں کا دعویٰ کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ ہمارے ملک کی مقامی صلاحیتوں نے میرے اعتماد کو نمایاں طور پر بڑھایا اور مجھے ایک نئے سرے سے فخر کا احساس دلایا۔ سٹار نیوز نیٹ ورک کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی نے تیجس طیارے پر سواری کی اور کہا کہ اس تجربے نے ملک کی مقامی صلاحیتوں پر ان کا اعتماد بڑھایا ہے۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے لکھا ’’ تیجس پر کامیابی کے ساتھ ایک چکر مکمل کیا۔ یہ تجربہ ناقابل یقین حد تک افزودہ کرنے والا تھا، جس نے ہمارے ملک کی مقامی صلاحیتوں پر میرے اعتماد کو نمایاں طور پر بڑھایا اور مجھے ایک نئے سرے سے فخر کا احساس دلایا‘‘۔ انہوں نے کہا کہ آج تیجس میں اڑان بھرتے ہوئے میں بڑے فخر سے کہہ سکتا ہوں کہ اپنی محنت اور لگن کی وجہ سے ہم خود انحصاری کے میدان میں دنیا میں کسی سے کم نہیں ہیں۔ ہندوستانی فضائیہ، ڈی آر ڈی او اور ایچ اے ایل کے ساتھ ساتھ تمام ہندوستانیوں کو دلی مبارکباد۔اس موقعہ پر عہدیداروں نے بتایا کہ وزیر اعظم مودی آج پہلے شہر پہنچے اور ڈیفنس پی ایس یو ہندوستان ایروناٹکس لمیٹڈ کا دورہ کیا تاکہ اس کی مینوفیکچرنگ تنصیبات پر جاری کام کا جائزہ لیا جاسکے۔وزیر اعظم دفاعی مصنوعات کی مقامی پیداوار پر زور دے رہے ہیں اور اس بات پر روشنی ڈال رہے ہیں کہ کس طرح ان کی حکومت نے ہندوستان میں ان کی مینوفیکچرنگ اور ان کی برآمدات کو فروغ دیا ہے۔کئی ممالک نے ایک ہلکا لڑاکا طیارہ تیجس خریدنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے اور امریکی دفاعی کمپنی جی ای ایرو اسپیس نے وزیر اعظم کے حالیہ ریاستی دورہ امریکہ کے دوران MKIIتیجس کیلئے مشترکہ طور پر انجن تیار کرنے کیلئے ایچ اے ایل کے ساتھ ایک معاہدہ کیا تھا۔










