سرینگر//وادی کشمیر میں خشک موسم رہنے کے ساتھ ساتھ سردی کی شدت میں تیزی کے ساتھ اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے اہل وادی طرح طرح کے مشکلات سے دو چار ہیں۔تاہم محکمہ موسمیات نے بتایا آئندہ 24گھنٹوں کے دوران موسم خشک رہنے کا امکان ہے ۔وادی کشمیر میں گرچہ موسم خشک ہے تا شبانہ درجہ حرارت نقط انجماد سے کافی نیچے درج ہونے سے سردیوں کے بادشاہ چالیس روزہ ’چلہ کلان‘ جیسی سردیوں کا راج برابر قائم و دائم ہے۔ادھر محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق جموں وکشمیر کے میدانی علاقوں میں 14دسمبر کی شام سے 15دسمبر کی شام تک ہلکے درجے کی برف باری یا بارشیں متوقع ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وادی کے بالائی علاقوں بالخصوص شمالی کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں اس وقت کے دوران درمیانی درجے کی برف باری کا امکان ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مطلع صاف رہنے سے وادی میں شبانہ درجہ حرارت میں مسلسل گراوٹ درج ہو رہی ہے۔گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3.0ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 4.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذستہ شب کم سے کم درجہ حرارت منفی 5.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 5.4ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 6.4 ڈ گری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لہیہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 12.3ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ضلع کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 9.1 ڈگری سینٹی گریڈ اور قصبہ دراس میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 17.8سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔دریں اثنا وادی میں اتوار کے روز بھی موسم خشک رہنے سے سردی کی شدت میں اضافہ دیکھنے کو ملا۔لوگوں نے الزام لگایا کہ خشک موسم کے بیچ بجلی کی آنکھ مچولی اور پانی کی قلت نے اْن کا جینا دو بھر کردیا ہے










