وائلڈ لائف ویک ۔2026، جموں میں منڈا اِیکو ٹریل پر’ ہیر ٹیج واک‘ کا اِنعقاد

جموں//ملک بھر میں 2 سے 8 ؍اکتوبر تک ’وائلڈ لائف ویک۔2026‘ جس کاموضوع’’مسکنوں کا باہمی ربط ، پھلتی پھولتی جنگلی حیات ‘‘ہے ، کے سلسلے میںوائلڈ لائف پروٹیکشن ڈیپارٹمنٹ جموں و کشمیر کی جانب سے یونین ٹیریٹری میں مختلف تقریبات کا اِنعقاد کر رہاہے ۔ اِن تقریبات کا مقصد قدرتی مساکن کا تحفظ، ماحولیاتی رابطے کو برقرار رکھنا اور جنگلی حیات کے تحفظ میں عوامی شمولیت کو فروغ دینا ہے۔اسی سلسلے میں آج رام نگر وائلڈلائف سینکچرء میں منڈا اِیکو ٹریل پر ’’ واک فار وائلڈ لائف،واک فار ڈرگ فری سوسائٹی ‘‘کے موضوع کے تحت ایک ’ ہیر ٹیج واک ‘کا اِنعقاد کیا گیا۔ اِس اقدام کا مقصد بالخصوص نوجوانوں میں نیچر اور والڈ لائف کے تحفظ کا جذبہ اُجاگر کرنا تھا۔یہ واک تھون ہری پیلس منڈاسے شروع ہوئی اور منڈا ہلز میں کملا ٹاپ سے گزرتے ہوئے وائلڈ لائف کمپلیکس منڈا پر اِختتام پذیر ہوئی۔اِس واک میں طلبأ، فطرت کے شیدائیوں، ماہرینِ تعلیم، محققین، غیر سرکاری تنظیموں (این جی اوز) کے نمائندے ، فِٹنس گروپس، بزرگ شہری اور مختلف محکموں کے افسران سمیت تقریباً 500 اَفراد نے شرکت کی۔کمشنر سیکرٹری محکمہ جنگلات و ماحولیات شیتل نندا نے واک کو جھنڈی دِکھا کر روانہ کیا۔تقریب میں پرنسپل چیف کنزرویٹر آف فارسٹس و ہیڈ آف فارسٹ فورس(ایچ او ایف ایف) جموں و کشمیر، چیف وائلڈ لائف وارڈن جموں و کشمیر؛ چیئرمین پولوشن کنٹرول کمیٹی جموں و کشمیر،منیجنگ ڈائریکٹر، فارسٹ ڈیولپمنٹ کارپوریشن،چیف کنزرویٹر آف فارسٹ جموں، محکمہ جنگلات اور ضلعی اِنتظامیہ کے سینئر اَفسران اور یونیورسٹی کے فیکلٹی ممبران بھی نے شرکت کی۔
کمشنر سیکرٹری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف وائلڈ لائف وارڈن جموں و کشمیر سنیش بکسی کی رہنمائی میں لوگوں بالخصوص نوجوان نسل میں جنگلی حیات کے تحفظ کے حوالے سے بیداری پیدا کرنے کے لئے محکمہ کی کوششوں کو سراہا۔ اُنہوں نے کہا کہ ہیرٹیج واک جیسی سرگرمیاں صحت مند قدرتی مساکن کی اہمیت کے بارے میں عوامی شعور اُجاگر کرنے میں مددگار ثابت ہوتی ہیں۔ ایسے مساکن ماحولیاتی توازن برقرار رکھنے، قدرتی وسائل کے تحفظ اور طویل مدتی خوشحالی و فلاح و بہبود میں اہم کردار اَدا کرتے ہیں۔یہ پروگرام ’آرٹ آف لیونگ‘، ایم او بی اِی اور ’ہیل فاؤنڈیشن‘ کے اِشتراک سے منعقد کیا گیا۔ پروگرام میں وارم اَپ سیشن، نیچر ٹریل، معلوماتی و استفساری کوئز، دستخطی دیواروں پر عہد اور جموں و کشمیر کی حیاتیاتی و حیوانی تنوع کو اُجاگر کرنے والے طالب علموں کے فن پاروں کی نمائش شامل تھی۔شرکاءکو محفوظ علاقوں میں ذِمہ دارانہ طرزِ عمل کے حوالے سے آگاہ کیا گیا جس میں سنگل یوز پلاسٹک سے گریز، مقررہ راستوں پر چلنا، کوڑا کرکٹ نہ پھینکنا اور جنگلی حیات کو پریشان کرنے سے بچنے کے لئے خاموشی برقرار رکھنا شامل ہے۔واک کا اختتام جنگلی حیات کے تحفظ، قدرتی مساکن کی حفاظت اور منشیات سے پاک معاشرے کے فروغ کے اِجتماعی عہد کے ساتھ ہوا۔