نگران وزیراعظم عالمی اقتصادی فورم کے اجلاس میں شرکت کیلئے سوئٹزرلینڈ پہنچ گئے

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ عالمی اقتصادی فورم (ڈبلیو ای ایف) کے 54ویں سالانہ اجلاس میں شرکت کے لیے سوئٹزرلینڈ کے شہر زیورخ پہنچ گئے۔سرکاری خبر رساں ایجنسی ’اے پی پی‘ کے مطابق نگران وزیراعظم عالمی اقتصادی فورم کی اس سال کی تھیم کے حوالے سے عالمی تنازعات کی روک تھام، عالمی نظام پر اعتماد کی بحالی اور معاشی بحران کے خاتمے کی حکمت عملی کے موضوعات پر مبنی تقاریب میں شرکت کریں گے۔اتوار کو وزیر اعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق زیورخ آمد پر پاکستان کے جنیوا میں مستقل مندوب بلال احمد، سوئٹزرلینڈ میں پاکستان کے سفیر عامر شوکت اور اعلیٰ سفارتی حکام نے نگران وزیرِ اعظم کا استقبال کیا۔نگران وزیر اعظم ’ٹریڈ ٹیک ٹریلین ڈالر پرامس‘ کے موضوع پر تقریب سے خطاب کریں گے۔اس کے علاوہ وزیرِ اعظم بین الاقوامی سرمایہ کاروں سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے گفتگو بھی کریں گے۔علاوہ ازیں فورم کے موقع پر انوارالحق عالمی سیاسی شخصیات اور سرمایہ کاروں و کاروباری رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے۔