چیف سیکرٹری نے راجوری میں ترقیاتی منصوبوں ، کھیلوں اور ورثے سے متعلق بنیادی ڈھانچے کا جائزہ لیا

چیف سیکرٹری نے راجوری میں ترقیاتی منصوبوں ، کھیلوں اور ورثے سے متعلق بنیادی ڈھانچے کا جائزہ لیا

نوجوانوں سے بات چیت ، منصوبوں کی تکمیل میں تیزی اور عوامی بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے پر زورشہید ڈاکٹر راج کمار تھاپا کو خراجِ عقیدت پیش کیا

راجوری// چیف سیکرٹری ڈاکٹر سجن سنگھ یادو نے ضلع راجوری کا تفصیلی دورہ کیا ۔ اس دورے کامقصد اہم ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لینا، کھیلوں اور تعلیمی بنیادی ڈھانچے کا تخمینہ لگانا، صحت اور بجلی کی سہولیات کا معائینہ کیا اور تاریخی مقامات پر بحالی کے کاموں کا بھی جائزہ لینا تھا۔اُنہوں نے صبح کے وقت سپورٹس سٹیڈیم راجوری کے دورے کے دوران والی بال اور بیڈمنٹن سمیت مختلف کھیلوں میں حصہ لینے والے نوجوان کھلاڑیوں سے بات چیت کی اور انہیں دستیاب کھیلوں کی سہولیات اور کوچنگ کے اِنتظامات کے بارے میں رائے حاصل کی۔ اُنہوں نے ضلع میں موجود کھیلوں کے بہترین ٹیلنٹ کو سراہتے ہوئے کہا کہ اُبھرتے ہوئے کھلاڑیوں کو بہتر بنیادی ڈھانچہ، پیشہ ورانہ کوچنگ اور اعلیٰ سطح پر اَپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کے لئے مناسب مواقع فراہم کرنا ضروری ہے۔چیف سیکرٹری نے مقامی صلاحیتوں کو نکھارنے اور باصلاحیت کھلاڑیوں کو قومی و بین الاقوامی سطح پر مقابلوں میں شرکت کے قابل بنانے کے لئے’ کھیلو اِنڈیا ‘اقدام کے تحت ضلع میں مزید کوچوںکی تعیناتی کی ضرورت پر زور دیا۔اُنہوں نے سپورٹس سٹیڈیم کھیوڑہ میں جاری تعمیراتی کاموں کا بھی معائینہ کیااور متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ مقررہ معیار کو برقرار رکھتے ہوئے ان کاموں کی تکمیل میں تیزی لائی جائے تاکہ دستیاب سہولیات کا بھرپور اِستعمال ممکن ہوسکے۔
بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی ( بی جی ایس بی یو)میں ترقیاتی کاموںکاجائزہ
چیف سیکرٹری نے بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی (بی جی ایس بی یو) راجوری میں یونیورسٹی آڈیٹوریم، نرسنگ کی طالبات کے لئے گرلز ہوسٹل اورنئے مین گیٹ کی جاری تعمیراتی کاموں کا معائینہ کیا۔اُنہیں بتایا گیا کہ طالبات کے ہوسٹل جس کی تعمیر کے لئے 354.23 لاکھ روپے مختص کئے گئے ہیں، کی گراؤنڈ اور پہلی منزل پر اینٹوں کی چنائی کا کام مکمل ہو چکا ہے جبکہ پلستر کا کام جاری ہے۔ اِسی طرح یونیورسٹی کے نئے مین گیٹ کا ڈھانچہ جس پر 59.11 لاکھ روپے کی لاگت آئے گی، مکمل ہو چکا ہے جبکہ دیگر باقی ماندہ کام جاری ہیں۔اُنہوں نے تعمیراتی ایجنسیوں کو کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے اِس بات پر زور دیا کہ کسی بھی مرحلے پر معیار کے ساتھ سمجھوتہ نہیں کیا جانا چاہیے۔ اُنہوں نے یونیورسٹی کی نئی عمارتوں کی چھتوں پر سولر اَنرجی پلانٹ نصب کرنے پر بھی زور دیا تاکہ قابلِ تجدید توانائی کو فروغ دینے، توانائی کی کارکردگی بہتر بنانے اور روایتی ذرائع سے بجلی پر انحصار کم کرنے میں مدد مل سکے۔بعدمیں چیف سیکرٹری نے یونیورسٹی کے آئی ٹی ہال میں طلبأ، تدریسی عملے اور یونیورسٹی کے عہدیداروں کے ساتھ گفتگو کی ۔اِس موقعہ پر وائس چانسلر بی جی ایس بی یو پروفیسر جاوید اقبال، ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری ڈاکٹر دیوانش یادو، ڈِی آئی جی سندیپ وزیر، اے ڈِی ڈِی سی ملک زادہ شیراز الحق، رجسٹرار، اے ڈِی سی روی سیہاگ، ایس ایس پی نریش سنگھ، ڈین اکیڈمکس اور دیگر سینئر اَفسران موجود تھے۔شروعات میں رجسٹرار نے یونیورسٹی کا مجموعی تعارف پیش کرتے ہوئے طلبأ کے داخلوں، تعلیمی پروگراموں، فراہم کئے جانے والے کورسوں اور یونیورسٹی کی مجموعی کارکردگی کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا۔ڈاکٹر سچن سنگھ یادو نے اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے اعلیٰ تعلیمی شعبے میں یونیورسٹی کی خدمات کو سراہا اور اِنتظامیہ، تدریسی عملے اور طلبا پر زور دیا کہ وہ اِدارے کو تعلیمی معیارکی بلندیوں تک پہنچانے کے لئے مل کر کام کریں۔ اُنہوں نے یونیورسٹی کے لئے دس سالہ واضح ویژن مرتب کرنے کی ضرورت پر زور دیا جس میں متعین اہداف، قابلِ پیمائش مقاصد اور تمام شراکت اروںکو شامل کرتے ہوئے ایک جامع لائحہ عمل ترتیب دیا جائے۔اُنہوںنے مزید کہا کہ تعلیمی پروگراموں اور ڈِگریوں کو روزگار کے حصول، ہنرمندی کی ترقی اور ملازمتوں کی منڈی میں اُبھرنے والے نئے مواقع سے ہم آہنگ ہونا چاہیے۔ اُنہوں نے طلبأ کو مسلسل سیکھنے کی ترغیب دیتے ہوئے کہا کہ وہ مقررہ نصابی تعلیم کے علاوہ بھی علم اور مہارتیں حاصل کریں تاکہ وہ قابل، پراعتماد اور ذمہ دار افراد کے طور پر ابھر سکیں۔
صحت اور بجلی کے بنیادی ڈھانچے کا جائزہ
چیف سیکرٹری نے راجوری میں 180 بستروں پر مشتمل ’ٹیچنگ ڈِسٹرکٹ ہسپتال ‘کی عمارت کا بھی معائینہ کیا جومنصوبے کے اَصل حصے کے تحت مکمل کی گئی ہے ۔ اِس کے علاوہ اُنہوںنے اضافی پانچ کروڑ روپے کی منظور شدہ لاگت سے انجام دئیے جارہے مزید سول، الیکٹریکل اورمیکنیکل کاموں کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا۔انہیں بتایا گیا کہ سول تعمیراتی کام مکمل ہوچکے ہیں، بجلی کے کام تکمیل کے قریب ہیں اور لفٹوں کی تنصیب بھی مکمل ہوچکی ہے جبکہ آگ بجھانے کے نظام سے متعلق کام جاری ہیں۔ اُنہوں نے متعلقہ حکام کو باقی ماندہ کاموں میں تیزی لانے اور ہسپتال کو جلد فعال بنانے کی ہدایت دی تاکہ ضلع کے عوام بہتر صحت سہولیات کے بنیادی ڈھانچے سے مستفید ہو سکیں۔اُنہوں نے گورنمنٹ میڈیکل کالج راجوری میں تعمیر کئے جارہے 6.3 ایم وِی اے کے مخصوص ریسونگ سٹیشن کا بھی دورہ کیا جس کی تعمیر کا ٹھیکہ 2.89 کروڑ روپے میں دیا گیا ہے۔ ایس ٹی ڈی ڈویژن ۔IV کالاکوٹ کی جانب سے مکمل کئے جانے والے اس منصوبے کو مارچ 2027ء تک مکمل کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔معائینے کے دوران انہیں بتایا گیا کہ گرائونڈ فلو کی تعمیراتی کام کا تقریباً 90 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے جبکہ ایس بی اے کوارٹر کی تعمیر میں 35 فیصد پیش رفت ہوئی ہے۔ پاور ٹرانسفارمر اور متعلقہ آلات کی تنصیب کے لئے بنیادیں بھی رکھی جاچکی ہے اور تعمیراتی مواد کا معائینہ بھی مکمل ہو چکا ہے۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ اس’ڈیڈ یکٹیڈ ریسونگ سٹیشن ‘کے فعال ہونے سے جی ایم سی راجوری کے بجلی کے بنیادی ڈھانچے کو نمایاں تقویت ملے گی اور بجلی کی فراہمی میں بہتری اور دیرپائی آئے گی جو بلا تعطل طبی خدمات کی فراہمی کے لئے نہایت اہم ہے۔ اُنہوںنے منصوبے کی تکمیل کے لئے مقررہ ٹائم لائن کی پابندی کرنے پر زور دیا۔
سیلاب سے متاثرہ بنیادی ڈھانچے کا معائینہ، رابطہ سڑکوں کے منصوبوں کا جائزہ
چیف سیکرٹری نے حالیہ اچانک آنے والے سیلاب سے عوامی بنیادی ڈھانچے کو پہنچنے والے نقصانات کا جائزہ لیتے ہوئے بیلا بس سٹینڈ کا دورہ کیا جو سیلابی ریلے میں بہہ گیا تھا۔ اُنہوں نے عوامی مفاد میں مناسب بحالی کے اَقدامات کرنے اور اس سہولیت کو جلد از جلد بحال کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔اُنہوںنے اینڈرولاپُل پرمتعلقہ تعمیراتی ایجنسی کو ہدایت دی کہ وہ زیر باقی ماندہ کاموں کو جلد مکمل کریں تاکہ مواصلاتی رابطے کی بروقت بحالی کو یقینی بنایا جاسکے اور مقامی آبادی کوآ واجاہی میں سہولیت حاصل ہو۔
تاریخی’ چنگس سرائے‘ کے تحفظ پر زور
دورے کے دوران چیف سیکرٹری نے تاریخی ’چنگس سرائے‘ کا معائینہ کیا جو کہ ایک اہم ثقافتی ورثہ ہے اور تاریخی طور پر مغل بادشاہ کشمیر کے اپنے سالانہ سفر کے دوران یہاں قیام کرتے تھے۔ اُنہوں نے اِس تاریخی مقام کی بحالی اور تحفظ کے لئے 175.75 لاکھ روپے کی تخمینہ لاگت پر مشتمل مجوزہ منصوبے کا جائزہ لیا۔
شہید ڈاکٹر راج کمار تھاپا کو خراجِ عقیدت
چیف سیکرٹر ی نے ڈاکٹر راج کمار تھاپا میموریل میوزیم اور لائبریری کا بھی دورہ کیا جوان کی سرکاری رہائشی کوارٹر میں قائم ہے ۔ یہ وہی جگہ ہے جہاں وہ ’آپریشن سندور‘کے دوران اپنے سرکاری فرائض کی انجام دہی کے دوران شہید ہوئے تھے۔اُنہوں نے شہیدکی یادگار پرگل دائرے چڑھائے اور فرائض کی انجام دہی کے دوران ان کی عظیم قربانی کو یاد کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ ڈاکٹر تھاپا کی ہمت، لگن اور عوامی خدمت کے تئیں ان کا عزم آنے والی نسلوں کے لئے مشعلِ راہ بنا رہے گا۔اُنہوں نے میموریل کمپلیکس میں قائم لائبریری کا معائینہ کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ وہاں آنے والے بچوں کے لئے ان کی عمر کے لحاظ سے موزوں اور متنوع کتابوں کی دستیابی یقینی بنائی جائے تاکہ یہ لائبریری مطالعے، تعلیم اور علم کے حصول کا ایک بامعنی مرکز بن سکے۔چیف سیکرٹری کے یہ تفصیلی دورے زمینی سطح پر نگرانی کو مضبوط بنانے اور جموں و کشمیر میں متوازن ترقی کو یقینی بنانے کے ان کے عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔ اس میں معیاری بنیادی ڈھانچے، بہتر عوامی خدمات، نوجوانوں کو بااختیار بنانے، بہتر مواصلاتی رابطوں، اور خطے کے مختلف حصوں میں موجود بھرپور ثقافتی و تاریخی ورثے کے تحفظ پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی۔