sakeena itoo

مریضوں کی حفاظت سب سے اول

مریضوں کی دیکھ بھال میں غفلت، فرائض میں کوتاہی یا قابل اجتناب تاخیر کو سختی سے لیا جائیگا / سکینہ ایتو

سرینگر // این این بی // محکمہ صحت کے نظام میں جوابدہی پر کسی بھی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا کا اعلان کرتے ہوئے وزیر صحت و طبی تعلیم سکینہ ایتو نے کہا ہے کہ مریضوں کی دیکھ بھال میں غفلت، فرائض میں کوتاہی یا قابل اجتناب تاخیر کو سختی سے لیا جائے گا۔نیشنل نیوز بیورو ( این این بی ) کے مطابق ایکس پر جاری اپنی ایک پوسٹ میں جموں کشمیر کی وزیر صحت سکینہ ایتو نے لکھا کہ انہوں نے صحت اداروں میں موسم سرما کی تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے متعلقہ محکموں اور اہم اسٹیک ہولڈرس کے ساتھ ایک اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس کا مقصد سردیوں کے دوران عوام کو بلا تعطل، مو ¿ثر اور عوام مرکوز طبی خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانا تھا۔سکینہ ایتو نے کہا کہ سردیوں کے موسم میں مریضوں کو درپیش ممکنہ مشکلات کے پیش نظر تمام اسپتالوں اور صحت مراکز کو ضروری انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں، تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں طبی خدمات متاثر نہ ہوں۔انہوں نے کہا کہ تمام اسپتالوں کو ضروری ادویات، آکسیجن اور دیگر طبی و لازمی سامان کا مناسب ذخیرہ یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے، تاکہ موسم سرما کے دوران کسی بھی مریض کو ضروری علاج یا ادویات کی عدم دستیابی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔وزیر صحت نے متعلقہ حکام کو اسپتالوں میں مناسب افرادی قوت دستیاب رکھنے کی بھی ہدایت دی، تاکہ ڈاکٹروں، پیرا میڈیکل اسٹاف اور دیگر طبی عملے کی کمی کے باعث مریضوں کی دیکھ بھال متاثر نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی خدمات مکمل طور پر فعال رہنی چاہئیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ضروری انتظامات پہلے سے مکمل کیے جائیں۔ایتو نے خاص طور پر کمزور اور حساس مریضوں کے حوالے سے قابل اعتماد ریفرل نظام قائم رکھنے کی ہدایت دی، تاکہ ایسے مریضوں کو ضرورت پڑنے پر بروقت اعلیٰ طبی مراکز تک منتقل کیا جا سکے اور علاج میں کسی قسم کی غیر ضروری تاخیر نہ ہو۔وزیر صحت نے کہا کہ صحت اداروں میں خدمات کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے باقاعدہ معائنے کیے جائیں گے اور ہر ادارے میں نامزد نوڈل افسران تعینات کیے جائیں گے، جو انتظامات کی نگرانی اور کسی بھی مسئلے کی بروقت نشاندہی کے ذمہ دار ہوں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ جہاں بھی خامیاں یا کوتاہیاں سامنے آئیں گی، وہاں مقررہ مدت کے اندر اصلاحی اقدامات اٹھانا لازمی ہوگا۔ اس سلسلے میں متعلقہ افسران اور اداروں کو واضح ذمہ داریاں سونپی جائیں گی تاکہ صحت خدمات کی فراہمی میں کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔سکینہ ایتو نے واضح کیا کہ صحت کے شعبے میں ہر سطح پر ذمہ داری طے کی جائے گی اور مریضوں کی دیکھ بھال کو متاثر کرنے والی کسی بھی کوتاہی کو سنجیدگی سے لیا جائے گا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ فرائض میں غفلت، ڈیوٹی سے لاپروائی یا مریضوں کے علاج میں قابلِ اجتناب تاخیر کی صورت میں سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔وزیر صحت نے کہا کہ مریضوں کی حفاظت اور بہتر نگہداشت حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس معاملے میں کسی بھی قسم کی غفلت کی گنجائش نہیں ہے۔انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا’ ’مریضوں کی حفاظت سب سے پہلے ہے، نگہداشت پر کوئی سمجھوتہ نہیں اور غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔“وزیر صحت نے متعلقہ حکام پر زور دیا کہ وہ موسم سرما کے دوران صحت خدمات کو مو ¿ثر، قابل رسائی اور بلا تعطل رکھنے کیلئے تمام ضروری اقدامات بروقت مکمل کریں، تاکہ عوام کو کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری اور معیاری طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔