آسٹریلیا:نومولود بچے کو گود میں لے کر ایوان پہنچیں مسلم سینیٹر

آسٹریلیا:نومولود بچے کو گود میں لے کر ایوان پہنچیں مسلم سینیٹر

کینبرا//ایجنسیز// آسٹریلیا کی پارلیمنٹ میں ایک منفرد اور دلکش منظر اْس وقت دیکھنے میں آیا جب سینیٹر فاطمہ پیمان اپنے شیرخوار بچے کو ساتھ لیکر ایوان کی کارروائی میں شرکت کیلئے پہنچیں۔ انہوں نے پارلیمانی امور میں حصہ لیتے ہوئے اپنے ننھے بچے کو گود میں بھی سنبھالے رکھا۔ فاطمہ پیمان نے اس منظر کے ذریعہ یہ پیغام دیا کہ ماں کی ذمہ داریوں اور عوامی نمائندے کے فرائض کو بیک وقت نبھایا جاسکتا ہے۔ ایوان کی کارروائی کے دوران بچے کو اپنی آغوش میں لیے ان کی موجودگی نے پارلیمنٹ میں منفرد منظر پیش کیا۔ان کا یہ انداز مادری ذمہ داریوں اور سیاسی و عوامی خدمات کے درمیان توازن کی ایک خوبصورت مثال کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔تاہم یہ واقعہ 8 ستمبر 2026 بروز منگل پیش آیا تھا، جو گزشتہ چند دنوں سے سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارم پر گردش کررہا ہے۔ آسٹریلیا کی سینیٹ کی سرکاری کارروائی کے ریکارڈ میں بھی اس دن سینیٹر فاطمہ پیمان کی اپنی شیرخوار بیٹی کو گود میں لیکر ایوان سے خطاب کرنے کی تصدیق موجود ہے۔ فاطمہ پیمان اپنی بیٹی عالیہ کو گود میں لیکر ایوان سے خطاب بھی کیا۔
انہوں نے زچگی کے بعد خواتین کو پیش آنے والی جسمانی تھکن، ذہنی دباؤ، بچوں کی پرورش کی مشکلات اور خاندان کی مدد کی اہمیت پر اظہار خیال کیا۔انہوں نے کہا کہ ماں بننا ان کی زندگی کا بہترین تجربہ ہے، تاہم بچے کی پرورش آسان نہیں اور اس کے لیے خاندان اور دیگر افراد کا تعاون ضروری ہے۔فاطمہ پیمان نے مئی 2026 میں بیٹی کو جنم دیا تھا اور تقریباً چار ماہ بعد پارلیمانی سرگرمیوں میں واپس آئی تھیں۔ وہ مغربی آسٹریلیا کی پہلی سینیٹر ہیں جنہوں نے اپنے پارلیمانی عہدے پر فائز رہتے ہوئے بچے کو جنم دیا۔