سرحدی علاقوں کیلئے ترقیاتی ترجیحات کا تعین بھی کیا
راجوری// چیف سیکرٹری ڈاکٹر سجن سنگھ یادو نے منگل کے روزراجوری کے بلاک نوشہرہ میں ’ وائبرنٹ وِلیج‘بھوانی میں ’بلاک دیوس ‘اور عوامی شکایات کے اَزالے کے لئے منعقدہ کیمپ کی صدارت کی۔اِس منعقدہ کیمپ نے مقامی لوگوں اور عوامی نمائندوں کوروبرو ایک پلیٹ فارم فراہم کیا تاکہ وہ اَپنے مسائل اُجاگر کر سکیں اور ترقیاتی و عوامی بہبود سے متعلق مسائل کا بروقت حل طلب کر سکیں۔اِس پروگرام میں ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری ڈاکٹر دیونش یادو، ڈِی آئی جی راجوری۔پونچھ رینج سندیپ وزیر، ایس ایس پی نریش سنگھ، اے ڈِی ڈِی سی ملک زادہ شیراز الحق، اے ڈِی سی راجوری روی سیہاگ، اے ڈِی سی نوشہرہ پریتم لال تھاپا، ضلعی و محکمانہ اَفسران کے علاوہ بڑی تعداد میں مقامی باشندوں اور عوامی نمائندوں نے شرکت کی۔پروگرام میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کر کے چیف سیکرٹری کو بنیادی ڈھانچے کی ترقی، مذہبی و سرحدی سیاحت، تعلیم، صحت، کھیلوں کی سہولیات، زراعت،مواصلاتی رابطوں اور سرحدی علاقوں میں روزگار کے مواقع سے متعلق مختلف مطالبات سے آگاہ کیا۔چیف سیکرٹری نے مختلف محکموں کی جانب سے لگائے گئے سٹالوں کا معائینہ کیا جن میں سکولی تعلیم،سکل ڈیولپمنٹ،اینمل ہسبنڈری، شیپ ہسبنڈری، مشن پوشن اور سوشل ویلفیئر شامل تھے۔ ان سٹالوں میں سرکاری سکیموں، محکمانہ اقدامات اور عوامی فلاحی سرگرمیوں کی نمائش کی گئی۔اِس موقعہ پر عوامی نمائندوں اور مقامی باشندوںنے متعددمسائل اُٹھائے جن میں ماں منگلا ماتا مندر کو شرائین کا درجہ دینا، بارڈر ٹوراِزم میلے کا اِنعقاد، زراعت سے منسلک ایکو ٹورازم کو فروغ دینا، نوشہرہ۔جھانگر روڈ کی ڈبل لین بنانا، سرحدی بنکروں کی اضافی تعمیر، تعلیمی اِداروں میں عملے کی کمی کودُور کرنا، کلسیاں میں سپورٹس سٹیڈیم کی تعمیر، بھوانی میں ڈسپنسری اور ایمبولینس کی سہولیت فراہم کرنا ، مکئی اور گندم کے بیجوں کے قیمتوںکا تعین اور زرعی پیداوار کے لئے ذخیرہ کرنے کی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ اس خطے کے گاؤں اور قصبوں کی ترقی سے متعلق دیگر مطالبات شامل تھے۔چیف سیکرٹری نے اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے گورو پورب کے مبارک موقعے پر لوگوں کو مُبار ک باد پیش کی اوررکباد پیش کی اور ’وائبرنٹ ولیجز پروگرام ‘کے ویژن اور مقاصد پر روشنی ڈالی جو مرکزی حکومت کا ایک اہم اَقدام ہے اور جس کا مقصد سرحدی دیہات میں بنیادی ڈھانچے کی بہتری، کنکٹویٹی میں اِضافہ، روزگار کے مواقع پیدا کرنا اور ضروری عوامی خدمات تک رَسائی کو بہتر بنا کر ان دیہاتوں کو ترقی پذیر بنانا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ’ بلاک دیوس‘جو لیفٹیننٹ گورنر کی جانب سے جموں و کشمیر میں شروع کیا گیا ایک اقدام ہے اور عوام کی دہلیز تک حکومتی اِنتظام و انصرام پہنچانے کا ایک مؤثر ذریعہ بن گیا ہے ۔اس کے ذریعے شہریوں کے ساتھ روبرو رابطہ ممکن ہوا ہے اور اس بات کو یقینی بنایا گیا ہے کہ ان کے مسائل پر خصوصی توجہ دی جائے اور ان کا بروقت اَزالہ کیا جائے۔
چیف سیکرٹری نے شرکأکو یقین دِلایا کہ’ وائبرنٹ وِلیج ‘بھوانی میںمنعقدہ ’ بلاک دیوس‘ کے دوران اُٹھائے گئے تمام مطالبات اور مسائل کا جائزہ لیا جائے گا۔ اُنہوں نے راجوری کی ضلعی اِنتظامیہ کی جانب سے عوامی مفاد پر مبنی اَقدامات اور ترقیاتی کاموں کے ساتھ ساتھ سرکاری سکیموں کی مؤثر عمل آوری کے لئے کی جانے والی مسلسل کوششوں کو سراہا۔ اُنہوں نے سرحدی علاقوں میں موجود وسیع اِمکانات پر زور دیتے ہوئے مقامی نوجوانوں کو ترغیب دی کہ وہ اَنٹرپرینیورشپ، سکل ڈیولپمنٹ، سٹارٹ اَپس اور دیگر اُبھرتے ہوئے شعبوں میں مواقع تلاش کریں اور خطے کی سماجی و اِقتصادی ترقی میں سرگرم شراکت دار بنیں۔چیف سیکرٹری نے سرحدی علاقوں میں مزید بنکرتعمیر کرنے کے مطالبے میں بتایا کہ اِس سلسلے میں حال ہی میں وزارتِ داخلہ کو ایک نئی تجویز پیش کی گئی ہے جس پر غور و خوض کا عمل آخری مراحل میں ہے۔اُنہوں نے ’ ماں منگلا ماتا‘ شرائین کی ترقی کے مطالبے کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری کو ہدایت دی کہ وہ اس مقام کی کی مذہبی اہمیت اور مذہبی سیاحت و ایکو ٹورازم کی وسیع اِمکانات کو مدنظر رکھتے ہوئے اس کے لئے ایک جامع اور تفصیلی ترقیاتی منصوبہ تیار کریں۔چیف سیکرٹری نے سرحدی علاقوں کے تعلیمی اِداروں میں عملے کی کمی کے مسئلے پر یقین دِلایا کہ یہ معاملہ متعلقہ محکموں کے ساتھ اُٹھایا جائے گا تاکہ مناسب اَقدامات کئے جا سکیں۔اُنہوں نے کلسیاں میں مجوزہ سپورٹس سٹیڈیم کے حوالے سے ضلع ترقیاتی کمشنر کو ہدایت دی کہ اس سہولیت کے لئے موزوں زمین کی نشاندہی کی جائے۔اُنہوں نے بھوانی میں صحت سہولیات کے مطالبے کے جواب میں یقین دِلایا کہ علاقے میں ڈسپنسری اور ایمبولینس سروس فراہم کرنے کے لئے مناسب اَقدامات پر غور کیا جائے گا۔ اُنہوں نے محکمہ صنعت کے متعلقہ آفیسر کو بھی ہدایت دی کہ مقامی لوگوں بالخصوص نوجوانوں کو مختلف سرکاری پروگراموں کے تحت دستیاب ’بغیر ضمانت قرضہ سکیموں‘، سٹارٹ اپ فائنانسنگ‘ اور کاروبار شروع کرنے میں معاونت کے دیگر اقدامات کے بارے میں آگاہ کریں۔چیف سیکرٹری نے مزید یقین دلایا کہ کیندریہ ودھیالیہ کے قیام کا مطالبہ متعلقہ حکام کے ساتھ اٹھایا جائے گا جبکہ بات چیت کے دوران اٹھائے گئے دیگر جائز مسائل کا متعلقہ محکمے جائزہ لے کر مناسب کارروائی کریں گے۔اِس موقعہ پر چیف سیکرٹری نے’جامع زرعی ترقیاتی پروگرام ( ایچ اے ڈِی پی)‘ کے تحت زرعی مشینری اور محکمہ شیپ ہسبنڈری کی سکیموں کے تحت مستفیدین میں منظوری نامے بھی تقسیم کئے۔ اُنہوں نے نئے مقرر کردہ آنگن واڑی ورکروں کو تقرری کے احکامات بھی دئیے جس سے نچلی سطح پر خدمات کی فراہمی اور خواتین کو بااِختیار بنانے کے عمل کو تقویت ملے گی۔










