عمر خالد اور شرجیل امام کو عبوری ضمانت سے سپریم کورٹ کا انکار

عمر خالد اور شرجیل امام کو عبوری ضمانت سے سپریم کورٹ کا انکار

نئی دہلی/ایجنسیز// دہلی فسادات 2020 سے متعلق مبینہ بڑی سازش کے معاملے میں جیل میں بند عمر خالد اور شرجیل امام کو سپریم کورٹ سے فی الحال کوئی فوری راحت نہیں ملی۔ عدالت عظمیٰ نے دونوں کی تازہ ضمانت درخواستوں پر دہلی پولیس کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کیا ہے، تاہم عبوری ضمانت دینے کی درخواست پر غور کرنے سے انکار کردیا۔چیف جسٹس آف انڈیا جسٹس سوریہ کانت، جسٹس جوی مالیہ باگچی اور جسٹس وی موہنا پر مشتمل بنچ نے ہدایت دی کہ دونوں درخواستوں کو تین رکنی بنچ کی تشکیل کے لیے انتظامی سطح پر چیف جسٹس کے سامنے پیش کیا جائے۔یو اے پی اے قانون کے تحت ضمانت دینے سے متعلق سپریم کورٹ کے مختلف فیصلوں میں قانونی اختلاف کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ اسی سلسلے میں 22 مئی کو شریک ملزم تسلیم احمد کے کیس کی سماعت کے دوران دو ججوں پر مشتمل بنچ نے معاملہ تین ججوں کی بنچ کے سامنے رکھنے کی سفارش کی تھی، تاکہ اس قانونی اختلاف پر غور کیا جاسکے۔عمر خالد کی جانب سے پیش ہونے والے سینئر وکیل کپل سبل نے عدالت میں عبوری ضمانت کی درخواست پر غور کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ عمر خالد چھ سال سے زائد عرصے سے جیل میں ہیں۔ دوسری جانب شرجیل امام کے وکیل سینئر ایڈوکیٹ سدھارتھ ڈیو نے بھی اپنے موکل کے لیے اسی نوعیت کی راحت طلب کی۔تاہم چیف جسٹس کی سربراہی والی بنچ نے واضح کیا کہ اس مرحلے پر عبوری ضمانت کی درخواست پر غور نہیں کیا جائے گا اور پہلے دہلی پولیس کا جواب سنا جائے گا۔ عدالت نے اپنے حکم میں کہا کہ نوٹس جاری کیا جائے اور معاملہ تین رکنی بنچ کی تشکیل کے لیے چیف جسٹس کے سامنے رکھا جائے۔مرکزی حکومت نے یو اے پی اے قانون کے تحت ضمانت دینے سے متعلق سپریم کورٹ کے مختلف فیصلوں میں فرق کی نشاندہی کی تھی۔ حکومت کا کہنا تھا کہ کے اے نجیب کیس میں سپریم کورٹ کے دیے گئے فیصلے اور دیگر مقدمات میں اختیار کیے گئے قانونی اصولوں کے درمیان اختلاف دکھائی دیتا ہے۔ اسی معاملے پر وضاحت کے لیے تین ججوں پر مشتمل بنچ تشکیل دینے کی ضرورت محسوس کی گئی۔کے اے نجیب کیس میں سپریم کورٹ نے کہا تھا کہ اگر کوئی ملزم طویل عرصے سے جیل میں بند ہے اور مقدمے کی سماعت میں غیر معمولی تاخیر ہو رہی ہے تو بعض حالات میں اسے ضمانت دی جاسکتی ہے، چاہے اس کے خلاف یو اے پی اے جیسے سخت قانون کے تحت مقدمہ درج ہو۔اس کے علاوہ سید افتخار اندرابی بنام نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی مقدمے میں دو رکنی بنچ نے جنوری 2026 کے گل فاطمہ فیصلے کے بعض پہلوؤں پر تحفظات ظاہر کیے تھے۔ اسی فیصلے میں سپریم کورٹ نے دہلی فسادات کی مبینہ سازش کے معاملے میں پانچ ملزمین کو ضمانت دی تھی، جبکہ عمر خالد اور شرجیل امام کو راحت دینے سے انکار کردیا تھا۔جسٹس اروند کمار اور جسٹس پرسنّا بی ورالے کی بنچ نے شریک ملزم تسلیم احمد اور خالد سیفی کو چھ ماہ کی عبوری ضمانت دیتے ہوئے یو اے پی اے کے تحت ضمانت کے قانونی اصولوں میں ممکنہ اختلاف کو دور کرنے کے لیے معاملہ بڑی بنچ کے سپرد کرنے کی سفارش کی تھی۔