کسانوں کو بااِختیار بنانے ،ڈوگرہ ورثے کے تحفظ اور جموںوکشمیر کی ترقی کیلئے اِجتماعی کوششوں پر زور
جموں// لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے سالانہ’ جھڑی میلے‘ میں بابا جیتو اور بوا کوڑی کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ سالانہ میلہ عقیدت، ثقافتی ورثے اور اِجتماعی شعور کی زندہ علامت ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ جھڑی کی سالانہ حاضری ایک مقدس زیارت ہے اور اس مقام سے جڑا گہرا روحانی تعلق بابا جیتو کے تئیں صدیوں کی عقیدت اور احترام کی عکاسی کرتا ہے۔اُنہوں نے بابا جیتو کی میراث کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی زندگی سچائی، ہمت اور انصاف کے ایک لازوال پیغام کی نمائندگی کرتی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ بابا جیتو کی جدوجہد محض فصل کے حصول تک محدود نہیں تھی بلکہ ہر محنتی کسان کے وقار، حقوق اورخودداری کے تحفظ کے لئے تھی۔اُنہوں نے کہا،’’ان کی قربانی آج بھی معاشرے کو نااِنصافی کے خلاف کھڑے ہونے اور محنت کی عزت کرنے کی ترغیب دیتی ہے۔ بابا جیتو کا پیغام ذات بات، طبقے اور کمیونٹی سے بالاتر ہے اوریہ ایک مشترکہ قومی ورثے کی نمائندگی کرتا ہے۔‘‘منوج سِنہا نے کہا کہ بابا جیتو اور بوا کوڑی کو حقیقی خراجِ عقیدت یہ ہوگا کہ ایک ایسا معاشرہ تشکیل دیا جائے جہاں حقوق اور وقار کی جدوجہد میں کوئی کسان تنہا نہ رہے۔ اُنہوں نے جامع ترقی اور سماجی انصاف کو یقینی بنانے کے لیے ’’پورے معاشرے کا نقطٔ نظر‘‘ اَپنانے پر زور دِیا۔اُنہوں نے کہا،’’ہمیں ایک ایسا معاشرہ تشکیل دینا ہوگا جہاں ہر شخص کو عزت ملے، سماجی ہم آہنگی قائم رہے اور ترقی کے ثمرات معاشرے کے ہر فرد تک پہنچیں۔ ایک ترقی یافتہ بھارت کی تعمیر میں اپنا کردار اَدا کرنے کے لئے ہمیںترقی یافتہ جموں کشمیر بنانا ہوگا جس کی بنیاد میں ہمیشہ تین اَقدارسچائی، محنت اور باہمی احترام کار فرما رہیں۔‘‘لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،’’اِس مقصد کے لئے کسانوں کو اَپنی محنت جاری رکھنی چاہیے۔ اساتذہ کو نئی نسل کو بدلتی ہوئی دُنیا کے تقاضوں کے مطابق تعلیم دینی ہوگی ۔ نوجوانوں کو اِختراع کے لئے آگے آنا ہوگا۔ سرکاری اَفسران کو پوری لگن کے ساتھ عوام کی خدمت کرنی چاہیے اور ہر کنبے کو چھوٹے بچوں میں اچھی اَقدار پیدا کرنی چاہئیں۔ عام شہریوں سے لے کر سرکاری اَفسران تک ہر ایک کو اَپنے اعمال میں دیانتدار رہنا ہوگا، اَپنی ذِمہ داریاں خلوصِ نیت کے ساتھ نبھانی ہوں گی اور مشکل حالات میں مل جل کر کام کرنا ہوگا۔‘‘اُنہوںنے قوم کو مستحکم رکھنے اور اس کی روایات کو مالا مال کرنے میں کسانوں کے کردار کو اُجاگر کیا۔ اُنہوں نے یونین ٹیرٹیری میں ’جامع زرعی ترقیاتی پروگرام ( ایچ اے ڈِی پی )‘ کے اِنقلابی اثرات کا ذِکر کرتے ہوئے کہا کہ جدید بنیادی ڈھانچے، تنوع اور مارکیٹ پر مبنی اِصلاحات کے ذریعے زراعت، باغبانی اور ڈیری شعبوں میں پیش رفت ہوئی ہے۔ اُنہوں نے کسانوں بالخصوص چھوٹے اور پسماندہ کاشت کاروں پر زور دیا کہ وہ جدید ٹیکنالوجی اَپنائیں اور اَپنی پیداوار کو مارکیٹ کے اُبھرتے ہوئے تقاضوں سے ہم آہنگ کریں۔لیفٹیننٹ گورنر نے باجرے کی کاشت کو زیادہ اَپنانے کی بھی حوصلہ افزائی کی۔ اُنہوں نے کہا کہ بے قاعدہ بارشوں، بڑھتے درجہ حرارت اور زیر زمین کی سطح میں کمی کے تناظر میں، باجرے کی فصلیں موسمیاتی تبدیلی کے مقابلے میں مضبوط اور آمدنی بڑھانے والا متبادل ہیں۔اُنہوں نے نوجوانوں سے زراعت کو ٹیکنالوجی،انٹرپرینیور شپ اور سائنسی طریقوں کے ذریعے بدلنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ کاشت کاری اور اس سے منسلک شعبوں کو ترقی کے متحرک محرک کے طور پر دیکھیں۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،’’جموں کشمیر کا زرعی منظرنامہ جدت اور روزگار کے وسیع مواقع فراہم کرتا ہے اور نوجوانوں کو کاشت کاری کو زیادہ پیداواری، منافع بخش اور مستقبل کے تقاضوں کے مطابق بنانے میں کلیدی کردار اَدا کرنا چاہیے۔‘‘اُنہوں نے دیہی معیشت میں خواتین کی بڑھتی ہوئی شرکت کو بھی سراہا۔ اُنہوں نے کہا کہ خواتین کسان، سیلف ہیلپ گروپس اور دیہی کاروباری خواتین پورے جموں کشمیر میں معاشی خود انحصاری کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ اُنہوں نے دیہی علاقوں میں خواتین کے لئے تعلیم ، ہنر مندی کے فروغ اور کاروبار کے مزید مواقع پیدا کرنے پر زور دیا۔لیفٹیننٹ گورنر،’’بہت سے ’سیلف ہیلپ گروپس‘ اَب خواتین کسانوں کے ساتھ مل کر دیہی معیشت کو ایک نئی سمت دینے کے لئے کام کر رہے ہیں۔ دیہات میں خواتین مقامی مصنوعات، دستکاری،فوڈ پروسسنگ اور چھوٹے کاروباروں کے ذریعے معاشی خود انحصاری کی نئی مثالیں قائم کر رہی ہیں۔ زراعت اور اس سے منسلک شعبوں میں ہماری بیٹیاںاِختراع اورانٹرپرینیور شپ کے نئے معیار قائم کر رہی ہیں۔‘‘اُنہوںنے ڈوگرہ ثقافت کی شاندار میراث کو اُجاگر کرتے ہوئے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اَپنی زبان، لوک روایات اور علاقائی تاریخ پر فخر کریں۔ اُنہوں نے ثقافتی ورثے کے تحفظ اور اسے عالمی سطح پر فروغ دینے کے لئے ڈیجیٹل ٹیکنالوجیوں کے اِستعمال کی حوصلہ اَفزائی کی۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،’’اَپنے بزرگوں کے ساتھ بیٹھیں۔ ان سے پرانے گیت سیکھیں، لوک کہانیاں سنیںاور اَپنے خطے کی تاریخ جانیں۔ اِس ورثے کو ڈیجیٹل ذرائع سے محفوظ کریں تاکہ آنے والی نسلیں بھی اس سے واقف ہو سکیں۔میرا ماننا ہے کہ آج ٹیکنالوجی نے ہمارے ہاتھوں میں ایک ایسی طاقت دی ہے جس کے ذریعے ہم اَپنی ثقافت کو ملک اور دُنیا کے ہر کونے تک پہنچا سکتے ہیں۔ ہمیں اِس ٹیکنالوجی کو استعمال کر کے دنیا کو ڈوگرہ ثقافت کی شناخت سے روشناس کرنا چاہیے۔‘‘اُنہوں نے کہا کہ اِنتظامیہ’ جھڑی میلے‘ کے احسن اور مؤثر اِنعقاد کو یقینی بنانے کے لئے مسلسل کوششیں کر رہی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ یہاں کے بنیادی ڈھانچے میں نمایاں بہتری آئی ہے اور ضرورت کے مطابق اسے مزید وسعت دینے کی کوششیں جاری رہیں گی۔اِس موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر نے سرکاری محکموں، زرعی کاروباری اَفراد،’ سیلف ہیلپ گروپس‘ اور کسانوں کی طرف سے لگائے گئے نمائشی سٹالوں کا دورہ کیا۔ تقریب میں بابا جیتو اور بوا کوڑی پر ایک مختصر ڈرامہ بھی پیش کیا گیا اور فن کاروں نے خطے کے بھرپور فن اور ثقافتی ورثے کا دلکش مظاہرہ کیا۔تقریب میں ممبر پارلیمنٹ جگل کشور شرما،ممبر قانون ساز اسمبلی مڑھ سریندر کمار،رُکن اسمبلی سچیت گڑھ پروفیسر گھارو رام بھگت، ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ داخلہ چندر کربھارتی، صوبائی کمشنر جموںوِکاس کنڈل،آئی جی پی جموں تیجندر سنگھ، ڈِی آئی جی جے ایس کے رینج شریدھر پاٹل،ضلع ترقیاتی کمشنر جموں منگا شیرپا،ایس ایس پی جموں جوگندر سنگھ،میونسپل کمشنر جموں آیوشی سوڈن، سینئر اَفسران،ممتاز شہری، ترقی پسند کسان اور زِندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے اَفراد موجود تھے۔










