جموں و کشمیر حکومت نے بارہمولہ ، پلوامہ اور کولگام میںجدید فروٹ اور سبزی منڈیاں قائم کرنے کیلئے 320 کنال اراضی کی منتقلی کی منظوری دِی

جموں و کشمیر حکومت نے بارہمولہ ، پلوامہ اور کولگام میںجدید فروٹ اور سبزی منڈیاں قائم کرنے کیلئے 320 کنال اراضی کی منتقلی کی منظوری دِی

جموں//وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت نے جموں و کشمیر کے باغبانی اور زراعت کے شعبوں کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم اُٹھاتے ہوئے وادیٔ کشمیر کے تین اَضلاع میں جدید فروٹ اور سبزی منڈیاں قائم کرنے کے لئے محکمہ زرعی پیداوار کو 320 کنال اور 4 مرلے اراضی منتقل کرنے کی منظوری دِی ہے۔کابینہ نے عوامی مفاد میں اس کی منظوری دی ہے۔ یہ اراضی بارہمولہ، پلوامہ اور کولگام اَضلاع میں نشاندہی کردہ مقامات پر بلامعاوضہ منتقل کی جائے گی۔ مجوزہ مقامات میں بارہمولہ ضلع کی تحصیل پٹن کے گاؤں پلہالن میں 50 کنال، پلوامہ ضلع کی تحصیل ترال کے گاؤں نوڈل میں 20کنال اور 4 مرلے اور کولگام ضلع کی تحصیل کولگام کے گاؤں کولگام میں 250 کنال اَراضی شامل ہے۔یہ مجوزہ منڈیاںکسانوں جن میںچھوٹے اور کم رقبے والے کاشت کاروں نیز خواتین کسان بھی شامل ہیں ،کو منظم مارکیٹنگ کی سہولیات تک بہتر رسائی فراہم کریں گی اور انہیں اَپنی پیداوار کے عوض منافع بخش قیمتیں حاصل کرنے کے بہتر مواقع دیں گی۔ جدید بنیادی ڈھانچے اور سہولیات سے آراستہ یہ منڈیاں شفاف قیمتوں کے تعین، معیاری الیکٹرانک وزن، ڈیجیٹل ادائیگیوں اور زرعی پیداوار کی مؤثر ہینڈلنگ کو فروغ دیں گی۔ان منڈیوں میں زرعی پیداوار کی درجہ بندی،، چھانٹی، ذخیرۂ اندوزی اورٹرانسپورٹیشن کے لئے بہتر اِنتظامات بھی شامل ہوں گے جس سے فصل کی کٹائی کے بعد ہونے والے نقصانات کو کم کرنے، مارکیٹنگ کے اَخراجات کو گھٹانے اور صارفین تک تازہ پیداوار کی دستیابی کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔اِس اَقدام کا مقصد زرعی سپلائی چین کو مضبوط بنانا، منڈیوں لء باہمی روابط کو بہتربنانا اور خطے میں’ ویلیو ایڈیشن ‘کو فروغ دینا ہے۔ توقع ہے کہ اس سے تجارت، ٹرانسپورٹ، لاجسٹکس اور دیگر متعلقہ سرگرمیوں میں روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے جبکہ کسانوں کی آمدنی میں اِضافہ اور دیہی علاقوں کی دیرپا ترقی میں بھی مدد ملے گی۔یہ َاقدام وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی قیادت میں حکومت کی اس توجہ کو اُجاگر کرتا ہے جس کا مرکز زرعی اور باغبانی کی معیشت کو مضبوط بنانا، مارکیٹ کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانا اور اِس بات کو یقینی بنانا ہے کہ کسانوں کو ان کی سخت محنت کا بہتر صلہ ملے۔