Akshay Labro

تاریخی آستانوں ، مندروں، گوردواروں اور گرجا گھروں کی شان بحال کرنے کیلئے پر عزم

سرینگر کی صدیوں پرانی بھائی چارے، رواداری اور مذہبی ہم آہنگی کی روایت مزید مضبوط ہوگی/ اکشے لابرو

سرینگر /این این بی // حکومت ضلع سرینگر میں موجود تمام تاریخی آستانوں، مندروں، گوردواروں اور گرجا گھروں کی عظمت و شان کو بحال کرنے، ان کی تزئین و آرائش اور بنیادی سہولیات کو بہتر بنانے کیلئے پ ±رعزم ہے کی بات کرتے ہوئے ڈپیٹی کمشنر سرینگر اکشے لابرو نے کہا ہے کہ اس پہل کا مقصد مذہبی و تاریخی مقامات پر آنے والے عقیدت مندوں اور زائرین کو ایک خوشگوار اور بہتر ماحول فراہم کیا جا سکے۔نیشنل نیوز بیورو ( این این بی ) کے مطابق کارتک پورنیما کے مقدس موقع پر فتح کدل میں واقع تزئین و آرائش کے بعد بحال کیے گئے درگیشوری مندر میں حاضری دینے اور پوجا میں شرکت کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپیٹی کمشنر سرینگر اکشے لابرو نے کہا کہ سرینگر شہر میں بڑی تعداد میں تاریخی آستان ، مندر، گوردوارے اور گرجا گھر موجود ہیں اور ان میں سے ہر ایک مقام اپنی منفرد تاریخی اہمیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان تمام مذہبی مقامات کے ساتھ لوگوں کی گہری عقیدت اور جذبات وابستہ ہیں، اس لیے ان کے تحفظ اور بحالی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے تاریخی اور مذہبی مقامات کے تحفظ کیلئے مختلف اقدامات جاری ہیں اور ان کی تزئین و آرائش کا کام مرحلہ وار آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ مخدوم صاحب ؒکے مقام پر جاری تزئین و آرائش اور ترقیاتی کاموں کا گزشتہ روز ہی معائنہ کیا گیا اور وہاں کام شروع ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاو ¿ن ٹاو ¿ن سری نگر میں واقع دو اہم امام بارگاہوں کیلئے بھی ہیریٹیج پریزرویشن اسکیم کے تحت منصوبہ منظور کیا گیا ہے اور ان مقامات پر بھی کام شروع کر دیا گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اسی طرح شاریکا دیوی مندر سمیت دیگر مندروں میں بھی ہیریٹیج پریزرویشن اسکیم کے تحت بحالی اور تزئین و آرائش کے کام شروع کیے گئے ہیں۔اکشے لابرو نے کہا کہ حکومت کی کوشش صرف تعمیر و مرمت تک محدود نہیں بلکہ ایسے تمام اہم مذہبی اور تاریخی مقامات کو ان کی سابقہ عظمت و وقار واپس دلانا ہے، جن کے ساتھ لوگوں کی مذہبی عقیدت اور تاریخی وابستگی جڑی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کا مقصد یہ ہے کہ ان مقامات کو بہتر بنایا جائے، ان کی تزئین و آرائش کی جائے اور وہاں بنیادی سہولیات کو اپ گریڈ کیا جائے تاکہ جب ملک کے مختلف علاقوں اور دیگر مقامات سے عقیدت مند اور زائرین یہاں آئیں تو انہیں بہتر، محفوظ اور خوشگوار ماحول میسر ہو اور وہ اطمینان کے ساتھ اپنی مذہبی رسومات ادا کر سکیں۔ڈپٹی کمشنر نے ان تاریخی و مذہبی مقامات کی بحالی کے عمل میں مختلف برادریوں کی جانب سے ملنے والے تعاون کو بھی سراہا۔ انہوں نے بالخصوص مسلم برادری کے تعاون کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایسے کام باہمی تعاون، بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کی بہترین مثال پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ فتح کدل میں جس مقام پر آج وہ موجود ہیں، وہاں واقع درگیشوری مندر کو کئی برس بعد دوبارہ تزئین و آرائش کے ذریعے بحال کیا گیا ہے اور کارتک پورنیما کے موقع پر یہاں عقیدت مندوں نے مذہبی رسومات اور پوجا میں شرکت کی۔لابرو نے کہا کہ اس مندر کی بحالی کا کام مختلف محکموں، پولیس، سول انتظامیہ اور مقامی لوگوں کے باہمی تعاون سے مکمل ہوا ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی مختلف برادریاں اسی جذبے کے ساتھ ایک دوسرے کے مذہبی اور ثقافتی ورثے کے احترام اور تحفظ کیلئے تعاون جاری رکھیں گی، جس سے سری نگر کی صدیوں پرانی بھائی چارے، رواداری اور مذہبی ہم آہنگی کی روایت مزید مضبوط ہوگی۔